سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری کا حجم دو ارب 80 کروڑ ڈالر ہو گیا
سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری کا حجم دو ارب 80 کروڑ ڈالر ہو گیا
بدھ 30 اکتوبر 2024 12:54
شہباز شریف نے کہا کہ ’فیوچر انوسٹمنٹ انیشیٹیو سعودی ولی عہد کا ویژنری منصوبہ ہے۔‘ (فوٹو: وزیراعظم آفس)
سعودی عرب نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا حجم بڑھاتے ہوئے مزید 60 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
بدھ کو ریاض میں وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
سعودی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے ایم او یوز کی تعداد 27 سے بڑھ کر 34 ہو گئی ہے، حالیہ دورے کے دوران سرمایہ کاری کا حجم دو ارب 20 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر دو ارب 80 کروڑ ڈالر ہو گیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مجموعی طور پر سرمایہ کاری کے حجم میں 60 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ دورہ پاکستان کے دوران دونوں مالک کے درمیان 27 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے تھے۔‘
خالد بن عبدالعزیز الفالح نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے ایم او یوز پر عمل درآمد کا سلسلہ جاری ہے، پانچ ایم او یوز پر عمل درآمد شروع ہو گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کی میزبانی ہمارے لیے باعث اعزاز ہے، ان کی ولی عہد محمد بن سلمان سے مفید ملاقات ہوئی۔
سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح نے کہا کہ سعودی عرب لاکھوں پاکستانیوں کے لیے دوسرا گھر ہے، یہاں لاکھوں پاکستانی مقیم ہیں۔
’اپنے حالیہ دورہ پاکستان میں بہترین مہمان نوازی پر ایک بار پھر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پاکستان اور سعودی عرب اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں، سعودی عرب پاکستان میں جدید ہاسپٹل کمپلیکس تعمیر کرے گا۔‘
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹیو کانفرنس میں شرکت کے لیے سعودی عرب کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ انہوں نے منگل کو ریاض میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ویژن کی تعریف کی۔
وزیراعظم پاکستان نے سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات بھی کی۔ ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ ’فیوچر انوسٹمنٹ انیشیٹیو سعودی ولی عہد کا ویژنری منصوبہ ہے، مالی معاملات میں پاکستان کے ساتھ تعاون پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مل کر ترقی کی منازل طے کریں گے، سمجھوتوں کی ابھی سیاہی بھی خشک نہیں ہوئی اور ان پر کام بھی شروع ہو گیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یقین ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سمجھوتوں کی ٹائم لائن پر عمل کریں گے، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی بصیرت افروز قیادت میں ہم مشترکہ اہداف حاصل کریں گے۔