بالوں اور جلد کی حفاظت کے لیے اونٹنی کے دودھ اور کھجور سے تیار کردہ سعودی پروڈکٹ
بالوں اور جلد کی حفاظت کے لیے اونٹنی کے دودھ اور کھجور سے تیار کردہ سعودی پروڈکٹ
منگل 5 نومبر 2024 5:23
اس میں قدرتی اجزا کا استعمال کیا گیا ہے۔ (فوٹو اخبار 24)
العلا میں جاری کاشت کاروں کے بازار میں اونٹنی کے دودھ اور کھجوروں سے تیار کردہ بالوں اور جلد کی حفاظت کے لیے تیار کردہ لوشن کو شائقین خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق کاسمیٹکس کے حوالے سے سعودی برانڈ بنانے والی ’باسمہ الحربی‘ نے بتایا کہ ان کی جانب سے تیار کردہ کاسمیٹکس میں خالص اور آرگینک اجزا استعمال کیے جاتے ہیں جن میں اونٹنی کا دودھ اور کھجور استعمال ہوتی ہیں جو انسانی صحت کے لیے انتہائی مفید ہیں۔
الحربی نے مزید بتایا کہ اپنی مصنوعات کی تیاری کے لیے فرانس کے ماہر کی خدمات بھی حاصل کی گئیں ۔ مشترکہ جدوجہد کامیاب ہونے پر پروڈکٹ کو مارکیٹ میں لانچ کیا گیا۔
پروڈکٹ کے حوالے سے الحربی کا کہنا تھا کہ بنیادی اجزا میں اونٹنی کا دودھ ، کھجور اور مورنگا کا تیل اور کدو شامل ہے۔ اس کے علاوہ دیگر اہم نباتاتی اجزا بھی اپنی مصنوعات میں شامل کیے ہیں جو جلد کے لیے انتہائی مفید ہیں۔
لوشن اور تیل میں خوشبو کے لیے بھی مصنوعی سینٹ نہیں بلکہ قدرتی اجزا کا استعمال کیا گیا ہے تاکہ اس کی افادیت میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔
واضح رہے العلا کمشنری میں ہونے والے کھجور فیسٹول میں کاشت کار بازار بھی قائم کیا جاتا ہے جو 9 نومبر تک جاری رہے گا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں