لندن میں منعقدہ ورلڈ ٹریول مارکیٹ میں سعودی سیاحتی پویلین
’وزٹ سعودیہ‘ کی جانب سے بھی خصوصی اسٹال لگایا گیا (فوٹو، ایس پی اے)
وزیرسیاحت احمد بن عقیل الخطیب نے لندن میں منعقد ہونے والی ’ورلڈ ٹریول مارکیٹ‘ میں سعودی پویلین ’سعودی لینڈ‘ کا افتتاح کیا ۔ پویلین میں مملکت کی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ’وزٹ سعودیہ ‘ کا اسٹال بھی خصوصی طورپر لگایا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ’وزٹ سعودیہ ‘ کے پویلین میں ’سعودی ریڈ سی‘ کے عنوان سے تعارفی مہم بھی پیش کی جارہی ہے جس میں بحرالاحمر انٹرنیشنل کمپنی کے ترقیاتی منصوبوں کو اجاگر کیا گیا۔
بحرالاحمر کے ترقیاتی سیاحتی منصوبوں میں سے 16 تفریحی مقامات امسال مکمل ہو جائیں گے جبکہ سال 2030 تک یہاں 50 سےزائد مقامات دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کے لیے مثالی تفریحی سرگرمیوں کے لیے کھل جائیں گے۔
وزیر سیاحت احمد الخطیب نے بتایا کہ مملکت میں عالمی سیاحت کے فروغ کے لیے جامع انداز میں کام جاری ہے۔ سعودی ویژن 2030 کےاہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید طرز کےتعمیری و ترقیاتی منصوبوں پرتیزی سے کام جاری ہے جس کے بعد سعودی عرب کا شمار سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم ترین ممالک میں ہوگا۔
دریں اثنا سعودی سیاحتی اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن فہد حمید الدین نے کہا کہ سعودی عرب میں سیاحتی شعبہ تیزی سے ترقی کررہا ہے۔ مملکت میں سیاحتی مقامات کو ترقی دی جارہی ہے جبکہ عالمی کمپنیاں بھی یہاں کام کررہی ہیں۔