اسرائیلی وزیراعظم نے وزیر دفاع یوو گیلنٹ کو برطرف کر دیا
اسرائیلی اپوزیشن جماعتوں نے کہا ہے کہ نیتن یاہو سیاسی مفادات کے لیے قومی سلامتی کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔ (فوٹو: اے پی)
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ کو برطرف کر دیا ہے۔
یوو گیلنٹ کی جگہ موجودہ اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز وزارت دفاع کا قلمدان سنبھالیں گے۔
وزیراعظم نے وزیردفاع کو یوو گیلنٹ کو ایک ایسے وقت میں برطرف کر دیا جب اسرائیل ایک سے زیادہ محاذوں پر جنگ میں الجھا ہوا ہے۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق نیتن یاہو اور گیلنٹ کئی مرتبہ غزہ جنگ کے معاملے پر آمنے سامنے آئے ہیں۔ تاہم نیتن یاہو نے اپنے حریف وزیر دفاع کو برطرف کرنے سے گریز کیا تھا۔
وزیردفاع کو برطرف کرنے کے اعلامیے میں نیتن یاہو نے برطرفی کی وجہ ان کے اور وزیر دفاع کے درمیان اعتماد کے فقدان اور اختلافات کو قرار دیا۔
نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ ’جنگ کے بیچ میں وزیراعظم اور وزیردفاع کے درمیان مکمل اعتماد کی ضرورت ہوتی ہے۔ لیکن بدقسمتی ہے کہ جنگ کی شروعات کے مہینوں کے دوران دونوں کے درمیان پورا اعتماد تھا اور بہت ہی ثمرآور کام بھی ہوا تاہم بعد کے مہینوں میں یہ اعتماد ختم ہوگیا۔‘
دوسری جانب اسرائیلی اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نیتن یاہو سیاسی مفادات کے لیے قومی سلامتی کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔
وزیر اعظم نیتن یاہو کی طرف سے برطرفی کے بعد یوو گیلنٹ نے ایک بیان میں کہا کہ ’ریاست اسرائیل کی سلامتی ہمیشہ سے میری زندگی کا مشن تھا، اور رہے گا۔‘