ایئر عربیہ کی ینبع کے لیے پروازیں کب سے شروع ہوں گی؟
ایئر عربیہ مملکت کے 12 شہروں کے لیے اپنی پروازیں چلا رہی ہے۔ (فوٹو وام)
مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کی پہلی اور سب سے بڑی کم قیمت والی ایئرلائن ’ایئر عربیہ‘ نے شارجہ سے سعودی عرب کے شہر ینبع کے لیے اپنی پروازوں کو دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی ’وام‘ کے مطابق اس اقدام سے مملکت میں ایئر عربیہ کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک کو وسعت ملے گی اور خطے میں مسافروں کو آسان اور قابل اعتماد سفری سہولت فراہم ہوگی۔
ایئر عربیہ شارجہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اپنی براہ راست پرواز 28 نومبر کو سعودی شہر ینبع کے شہزادہ عبدالمحسن بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے شروع کرے گی۔ یہ پروازیں ہفتے میں دو مرتبہ ہوں گی۔
ایئر عربیہ کے گروپ چیف ایگزیکٹیو آفیسر عادل العلی نے کہا کہ ہمیں شارجہ سے سعودی مارکیٹ میں اپنی موجودگی کو مزید وسعت دینے پر خوشی ہے۔ اس روٹ کی بحالی مسافروں کو آسان اور سستی سفری سہولت کا آپشن فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم سیاحت اور کاروباری شعبوں کی ترقی کی حمایت، علاقائی معیشت میں حصہ ڈالنے اور مشرق وسطی اور اس سے آگے اپنے مسافروں کے لیے نئے مواقع پیش کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ایئر عربیہ اس وقت شارجہ سے سعودی عرب کے 12 شہروں کے لیے اپنی پروازیں چلا رہی ہے۔ جن میں ابھا، الجوف، دمام، قصیم، جازان، حائل، جدہ، مدینہ منورہ، ریاض، تبوک، طائف اور ینبع شامل ہیں۔
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں