Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انڈیا کا پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کھیلنے سے انکار‘، کوئی تحریری پیغام نہیں ملا: محسن نقوی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے انڈین میڈیا کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی سی سی آئی کی جانب سے انڈین ٹیم کے پاکستان نہ آنے کے فیصلے پر کوئی معلومات موصول نہیں ہوئیں۔
جمعہ کے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافیوں نے محسن نقوی سے سوال کیا کہ خبر ہے کہ انڈیا نے پاکستان آنے سے انکار کر دیا ہے، جس پر محسن نقوی نے کہا کہ اس حوالے سے بی سی سی آئی نے پی سی بی سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ’دو ماہ سے انڈین میڈیا پر خبریں گردش کر رہی ہیں کہ انڈین ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہیں آ رہی، اگر کسی کو کوئی اعتراض ہے تو ہمیں قابل قبول وہی ہوگا جو تحریری طور پر ہمیں جواب دے گا۔‘ 
ان کا کہنا تھا کہ ’چیمپئنز ٹرافی کے ہائبرڈ ماڈل کے حوالے سے کسی سے بھی کوئی بات نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی ہم اس پر بات کریں گے۔‘
’جہاں تک انڈین میڈیا کی رپورٹس کا تعلق ہے تو اس کے ساتھ کوئی تحریری خط ہو گا جو آئی سی سی ہمیں دے گا، تاہم ایسا کوئی بھی خط پی سی بی تک نہیں پہنچا۔‘
’ہم آج بھی چاہیتے ہیں کرکٹ میں سیاست نہیں ہونی چاییے، ہم چیمپئنز ٹرافی کے لیے جو تیاری کر رہے ہیں وہ ایسے ہی جاری رکھیں گے اور یہ ایک کامیاب ٹورنامنٹ ہوگا۔‘
صحافی نے محسن نقوی سے سوال کیا کہ اگر انڈیا کی جانب سے ایسا کوئی خط موصول ہو جاتا ہے تو پھر پاکستان کا ردعمل کیا ہوگا، جس پر چیئرمین پی سی بی نے جواب دیا کہ ’اگر انڈیا کی جانب سے پاکستان نہ آنے کا پیغام موصول ہوتا ہے تو مجھے پاکستان کی حکومت کے پاس جانا ہوگا، جو فیصلہ حکومت کرے گی مجھے اس پر عملدرآمد کرنا پڑے گا۔‘
محسن نقوی نے مزید کہا کہ ’پاکستان گزشتہ چند سالوں میں بہت اچھا رویہ دکھاتا آیا ہے، ہر بار ہم سے اچھے کی توقع نہ کریں۔‘
واضح رہے گزشتہ روز انڈین میڈیا پر خبریں گردش کر رہی تھیں کہ بی سی سی آئی نے پی سی بی کو پیغام بھجوایا ہے کہ انڈین ٹیم چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان نہیں آئے گی، جبکہ پاکستان اور انڈیا کے میچز ہائبرڈ ماڈل کے تحت دبئی میں ہونے کے امکانات ہیں۔ 

شیئر: