دوسرا ون ڈے: آسٹریلیا کے 9 آؤٹ، حارث رؤف کی پانچ وکٹیں
پہلا میچ جیتنے کے بعد آسٹریلیا کو تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں پہلے کھیلتے ہوئے آسٹریلیا کے 9 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے ہیں۔
جیک فریسر اور میتھیو شارٹ کو شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا جبکہ جوش انگلس، مارنس لبوشانے اور گلن میکسویل کو حارث رؤف نے پویلین بھیجا جبکہ مچل سٹارک کی وکٹ نسیم شاہ نے حاصل کی۔
آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں جاری میچ کا ٹاس پاکستان نے جیت کر حریف ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ اب سے تھوڑی دیر قبل تک 29 اوورز کے اختتام پر آسٹریلیا کا مجموعی سکور 127 تھا اور اس کے 9 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔
ٹاس کے بعد پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور وہی کھلاڑی میچ کا حصہ ہوں گے جنہوں نے پچھلا ون ڈے کھیلا تھا۔
آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کا بھی یہی کہنا تھا کہ ان کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے جیک فریسر میک گورک کے پویلین لوٹنے کے بعد سٹیون سمتھ کریز پر پہنچے ہیں۔
پیر کو دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والا پہلا ون ڈے میچ ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا نے جیت لیا تھا یوں اس کو تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔
ایک روزہ میچوں کے علاوہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی20 میچ بھی ہوں گے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل 10 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
اسی طرح دونوں ٹیموں کے درمیان 14 سے 18 نومبر تک ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔