سبزہ زار پر آگ جلانے والا شہری گرفتار
تفریحی مقام یا سبزہ زار میں آگ جلانے پر3 ہزارریال تک جرمانہ مقرر ہے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
تحفظ ماحولیات کی ٹاسک فورس نے حائل ریجن میں سبزہ زار پر آگ جلانے والے سعودی شہری کو حراست میں لے کر اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق تحفظ ماحولیات کی ٹاسک فورس کو اطلاع ملی کہ ایک شخص سبزہ زار والے علاقے میں آگ جلا کر قانون شکنی کا مرتکب ہوا ہے۔
ٹاسک فورس کی ٹیمیں فوری طورپر وہاں پہنچ گئیں جہاں سعودی شہری زمین پر لکڑیاں جلا کر وہاں چائے وغیرہ بنانے میں مصروف تھا۔
شہری کو حراست میں لے کر اس کے پاس موجود تمام اشیا بھی ضبط کرلی گئی ہیں۔ ٹاسک فورس کا کہنا تھا کہ تحفظ ماحولیات کے ضوابط کے مطابق سبزہ زار پر کسی غرض سے آگ جلانا منع ہے ایسا کرنے پر 3 ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
واضح رہے عوامی تفریحی مقامات جن میں ساحلی علاقے بھی شامل ہیں وہاں ماضی میں لوگ باربی کیو وغیرہ بنانے کے لیے آگ جلایا کرتے تھے اب ان مقامات پر کسی قسم کی آگ جلانا قانون شکنی تصور کی جاتی ہے ایسا کرنے والے کو جرمانے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔