یمن میں اتحادی افواج کے کیمپ پر حملہ: دو سعودی افسران جان سے گئے، ایک زخمی
ہلاک ہونے والوں کی نعشیں سعودی عرب منتقل کردی گئی ہیں(فوٹو، ایکس )
اتحادی افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ ’یمن کے سیئون شہر میں اتحادی فوج کے کیمپ پر بزدلانہ حملے میں 2 نان کمیشنڈ افسر شہید جبکہ ایک زخمی ہو گیا ہے۔‘
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی کی جانب سے سنیچر کی شب جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعہ 8 نومبر کو یمن کے سیئون شہر میں واقع اتحادی افواج کے کیمپ پر ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ حملہ جمعے کی شام کیمپ میں کھیلوں کے تربیتی سیشن کے دوران ہوا۔
یہ کیمپ اتحادی افواج کی حمایت، اہلکاروں کو تربیت دینے، دہشت گردی و سمگلنگ سے نمٹنے اور یمن میں انسانی اور ترقیاتی اقدامات میں معاونت کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ یہ حملہ یمنی وزارت دفاع سے منسلک ایک شخص نے کیا تاہم، ان کا کہنا تھا کہ حملہ آور یمنی کی قانونی حکومت کی نمائندگی نہیں کرتا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزارت کے زیادہ تر ارکان یمنی عوام کے مصائب کے خاتمے میں اتحادی افواج کی نمایاں کوششوں کو سراہتے ہیں۔
حملے میں جان سے جانے والے دونوں افسران کی لاشوں اور زخمی افسر کو سعودی عرب منتقل کردیا گیا ہے۔
جنرل ترکی المالکی کا مزید کہنا تھا کہ مشترکہ افواج یمنی وزارت دفاع کے ساتھ مل کر تحقیقات کر رہی ہے تاکہ مجرم کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔
انہوں نے اتحادی قیادت کی جانب سے جان سے جانے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمی افسر کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔