سعودی ایجنسی اور ورلڈ فوڈ پروگرام کا یمن میں خوراک کی فراہمی پر اتفاق
ہفتہ 26 اکتوبر 2024 18:23
معاہدے کا مقصد یمن میں 25 ملین ڈالر مالیت کی خوارک فراہم کرنا ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز برائے امداد وانسانی خدمات نے اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام کے ساتھ مشترکہ تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں
ایس پی اے کے مطابق اس معاہدے کا مقصد یمن میں انتہائی ضرورت مند خاندانوں کو 25 ملین ڈالر مالیت کی خوارک فراہم کرنا ہے۔
شاہ سلمان مرکز کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے بتایا جدہ میں ساحل اور جھیل چاڈ کے علاقے میں بے گھر افراد اور پناہ گزینوں کی مدد کے لیے ڈونر کانفرنس کے موقع پر معاہدہ ہوا ہے۔
شاہ سلمان مرکز کے سینئیر ایڈوائزر ڈاکٹر زیاد بن احمد میمش اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور چیف آپریٹنگ آفیسر کارل سکاو نے دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت 13 ہزار 798 ٹن بنیادی اشیائے خورو نوش تقسیم کی جائیں گی۔
اس پروگرام سے پانچ لاکھ 46 ہزار 364 افراد کو براہ راست فائدہ ہوگا۔ الحدیدہ مارب، البیضا، حضر موت المھرہ سقطری، الضالع گورنریٹس میں بالواسطہ طور پر 57 ہزار 313 افراد کی مدد ہوگی۔