صوابی میں پی ٹی آئی کے جلسے میں امریکی جھنڈا لہرانے والا نوجوان کون تھا؟
صوابی میں پی ٹی آئی کے جلسے میں امریکی جھنڈا لہرانے والا نوجوان کون تھا؟
پیر 11 نومبر 2024 14:25
فیاض خان، اردو نیوز - پشاور
جلسے میں بدنظمی اُس وقت دیکھنے میں آئی جب ایک نوجوان نے امریکی جھنڈا لہرایا (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستان تحریک انصاف نے 9 نومبر کو صوابی کے جلسے میں امریکی جھنڈا لہرانے والے شخص سے لاتعلقی کا اظہار کرکے پولیس کو معاملے کی تحقیقات کی ہدایت کر دی ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے سنیچر کو صوابی میں جلسہ منعقد کیا گیا تھا جس میں چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت تمام مرکزی قائدین موجود تھے۔
صوابی جلسے کے آغاز میں ہلڑبازی اُس وقت دیکھنے میں آئی جب جلسہ گاہ میں موجود ایک نوجوان نے امریکہ کا جھنڈا لہرایا۔
جلسہ گاہ میں جھنڈا لہرانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کو مذکورہ نوجوان سے اُلجھتے ہوئے دیکھا گیا۔
کچھ دیر تک جاری رہنے والی بحث وتکرار کے بعد نوجوان سے امریکہ کا جھنڈا ضبط کر لیا گیا اور پی ٹی آئی کارکنان کے نوجوان کے ساتھ گتھم گتھا ہونے کے بعد پولیس نے بیچ بچاؤ کراتے ہوئے نوجوان کو جلسہ گاہ سے باہر نکال دیا۔
امریکی جھنڈا لہرانے والا کون تھا؟
ضلعی پولیس صوابی کے ترجمان کے مطابق جلسہ گاہ میں تصادم کے خدشے کے پیش نظر پولیس نے کارکن سے امریکی جھنڈا لے کر اسے گرانڈ سے باہر نکال دیا۔
پولیس نے موقف اپنایا کہ منتظمین کی بھی یہی کوشش تھی کہ جلسہ میں بدنظمی نہ ہو اسی لیے نوجوان کو باہر نکال دیا گیا۔
صوابی کے صحافی ایوب خان نے اُردو نیوز کو بتایا کہ ’جلسہ گاہ میں امریکہ کا جھنڈا ساتھ لانے والا نوجوان خود کو پی ٹی آئی کا کارکن ظاہر کررہا تھا جس نے پی ٹی آئی کی ٹوپی بھی سر پر رکھی ہوئی تھی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے مبینہ کارکن کا تعلق صوابی سے نہیں بلکہ پشاور سے تھا تاہم پی ٹی آئی صوابی کے عہدیداروں کے مطابق نوجوان کا تعلق پی ٹی آئی سے نہیں ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ ’امریکی جھنڈا لہرانا حکومت کی سوچی سمجھی سازش ہے۔ حکومت کے کارندوں نے منصوبہ بندی کرکے ایسا کیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے پر وزیراعلیٰ نے برہمی کا اظہار کیا ہے اور اس کی تحقیقات جاری ہیں۔
بیرسٹر سیف کے مطابق جلسے میں امریکی جھنڈا لہرا کر عوام کے دلوں سے عمران خان کو نہیں نکالا جا سکتا ہے۔ امریکی جھنڈا لہرانے والے کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
مسلم لیگ ن نے الزام مسترد کر دیا
مسلم لیگ ن نے تحریک انصاف کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’پی ٹی آئی کی حقیقت سامنے آگئی ہے۔‘
مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’پی ٹی آئی کے بانی ایبسلوٹلی ناٹ سے بیانیہ تبدیل کرکے ٹرمپ زندہ باد کا بیانیہ سامنے لے آئے ہیں۔‘