Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض کانفرنس میں عالمی رہنماوں کا خطاب ، اسرائیلی جارحیت کی مذمت

اسرائیلی جارحیت سے لبنان کے خسائر8 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں(فوٹو،ایس پی اے)
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والی غیرمعمولی عرب اسلامی سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے فلسطین پراسرائیلی جارحیت کی بھرپورمذمت کی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہ نے کہا ’اسرائیلی کارروائیاں عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے، دوریاستی حل کو فوری طورپر نافذ کیا جانا چاہئے‘۔
سیکرٹری جنرل نے  اپنے خطاب میں سیکیورٹی کونسل کے قرار داد 2735 پرفوری عمل درآمد اور فلسطین میں فوری طورپر سیزفائر کرانے پرزوردیتے ہوئے انسانی بنیادوں پرفلسطینی عوام کو امداد کی فراہمی پر زوردیا۔
لبنانی  وزیراعظم نجیب میقانی نے لبنان میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لبنان اس وقت ایک تاریخی بحران سے گزر رہا ہے۔ لبنان کو اسرائیلی جارحیت نے بہت نقصان پہن جس سے اس کے حال اور مستقبل کو خطرہ لاحق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی جارحیت سے لبنان کو ہونے والا نقصان 8 ارب ڈالر سے زائد ہے ، مطالبہ کرتے ہیں کہ پناہ گزینوں کے لیے مناسب رہائش کا بندوبست کیا جائے جو اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے اس حال میں پہنچ چکے ہیں۔
شامی صدر بشار الاسد نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت مسترد کرتے ہوئے کہا ’قتل و غارتگری کو فوری طورپرروکا جائے تاکہ  فلسطینی پرامن طریقے سے  زندگی گزاریں‘۔

عالمی مداخلت کے باوجود اسرائیل خلاف ورزیوں پرقائم ہے(فوٹو، ایس پی اے)

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے اسلامی عرب سربراہ کانفرنس سےاپنے خطاب میں کہا ’اسرائیل فلسطینیوں کا وجود مٹا دینا چاہتا ہے اور ہمارے لیے لازمی ہے کہ اسے اس عمل سے روکیں‘۔
اردگان نے مزید کہا ’اسرائیل پر بھاری ہتھیاوں کی پابندی عائد کی جائے اس کے ساتھ تجارتی تعلقات ختم کرتے ہوئے اسے عالمی سطح پر تنہا کردیا جائے جب تک وہ خطے میں جارحیت سے باز نہیں آ جاتا‘۔
’فلسطین کو تسلیم کرنے کے لیے دیگرممالک کی حوصلہ افزائی کی جائے ساتھ ہی فلسطینی عوام کو فوری امداد کی ترسیل کے لیے مناسب اور جامع حل تلاش کرنا چاہیے‘۔
مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ’ مصر غزہ پٹی میں شہریوں کے خلاف منظم انداز میں ہونے والے قتل عام کی مذمت کرتا ہے اور ہم واضح طورپر یہ کہتے ہیں ہم فلسطینی کاز کو ختم کرنے کے ہر منصوبے کے خلاف کھڑے ہوں گے‘۔
شاہ اردن عبداللہ الثانی نے اس بات پرزوردیا کہ اس وقت خطہ جن المناک حالات سے گزررہا ہے ان پرخاموش نہیں رہا جاسکتا ، ضرورت ہے کہ انہیں فوری طورپر روکا جائے۔
انہوں نے مزید کہا ’اسرائیل عالمی براداری کی مداخلت کے باوجود اپنی جانب سے خلاف ورزیوں پرقائم ہے‘ ۔

فلسطینی صدر کا کہنا تھا کہ ’عالمی برادری مسئلہ فلسطین کے حل میں ناکام ہو رہی ہے‘ (فوٹو، ایس پی اے)

عرب و اسلامی سربراہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا کہ ’عالمی برادری مسئلہ فلسطین کے حل میں ناکام ہورہی ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا ’ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیل پر پابندیاں عائد کرے‘ 
’سیکیورٹی کونسل انسانی تنظیموں پر اسرائیل کی جانب سے جاری حملوں کو فوری طورپر رکوائے‘۔
فلسطینی صدر سے زوردیتے ہوئے کہا ’ہم فلسطینی ریاست کے قیام اور عوام کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے کوشاں ہیں۔

شیئر: