رابطہ عالم اسلامی کی جانب سے ریاض کانفرنس کی تائید
اتوار 12 نومبر 2023 18:07
ڈاکٹر العیسی نے سربراہ کانفرنس کی میزبانی پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا(فوٹو، ایس پی اے)
رابطہ عالم اسلامی نے ریاض میں منعقدہ مشترکہ ہنگامی عرب اسلامی سربراہ کانفرنس کی قراردادوں کا خیر مقدم کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق رابطہ عالم اسلامی نے خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام اور آزادی سے متعلق فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت اور ممکنہ ترین قریبی وقت میں عالمی امن کانفرنس کے انعقاد کے مطالبے کو سراہا ہے۔
اس حوالے سے رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد العیسی نے ریاض سربراہ کانفرنس کے اس موقف پر خصوصی قدرومنزلت کا اظہار کیا جس میں عرب اور مسلم قائدین نے فلسطینیوں کے خلاف انتقامی جنگ کو اسرائیل کی جانب سے خود کے دفاع کی جنگ کا نام دینے کی مخالفت کی۔
سربراہ کانفرنس کا یہ موقف بھی قابل قدر ہے کہ اس نے نہتے شہریوں کے قتل اور ان پر حملے کی مذمت کی اور اسے انسانی اقدار پر مبنی موقف قرار دیا۔
رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل نے غزہ کی ناکہ بندی ختم کرنے اور امدادی قافلے پہنچانے سے متعلق سربراہ کانفرنس کے فیصلے کو سراہا۔
العیسی نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ سربراہ کانفرنس نے بین الاقوامی برادری کے رویے کو بین الاقوامی قانون پر عمل درآمد کے سلسلے میں دہرے معیار کا حامل قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔
العیسی نے توجہ دلائی کہ دہرا معیار کثیر فریقی جدوجہد کا اعتبار برے طریقے سے متاثر کرے گا۔
ڈاکٹر العیسی نے عرب سربراہ کانفرنس کے انعقاد اور میزبانی پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ نازک وقت میں فلسطینی عوام کے لیے سعودی عرب کی انتھک جدوجہد کا حصہ ہے۔