مکہ مکرمہ: ’حطیم‘ میں نوافل ادا کرنے کے لیے اوقات مقرر
مکہ مکرمہ: ’حطیم‘ میں نوافل ادا کرنے کے لیے اوقات مقرر
منگل 12 نومبر 2024 5:15
خانہ کعبہ کی مغربی سمت حطیم میں داخلے کے لیے مخصوص ہے (ایس پی اے)
ادارہ امورحرمین شریفین کی جانب سے حجر اسماعیل علیہ السلام ’حطیم‘ میں جانے کے ضوابط کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ مردوں اور خواتین کے لیے حطیم میں داخلے کے اوقات مقرر کیے ہیں۔
سبق نیوز کے مطابق ادارہ حرمین کی جانب سے عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے ’حطیم‘ میں داخل ہونے اور وہاں نوافل ادا کرنے کے لیے کعبہ شریف کی مغربی سمت کو مخصوص کیا گیا ہے۔
مغربی سمت سے آنے والوں کو باری باری حطیم میں جا کر وہاں 10 منٹ تک نوافل ادا کرنے کی سہولت ہو گی۔ مردوں کے لیے صبح 8 سے دوپہر 11 بجے تک کا وقت ہے۔
زائر خواتین کے لیے حطیم میں داخل ہونے کا وقت رات 8 سے نصف شب کے بعد 2 بجے تک مقرر ہے اس دوران خواتین حطیم میں داخل ہو کر آرام سے نوافل پڑھ سکیں گی۔
واضح رہے ’حطیم‘ جسے ’حجر اسماعیل‘ بھی کہا جاتا ہے یہ مقام خانہ کعبہ کی شمال مغربی دیوار سے متصل 3 میٹر چوڑا بیضوی شکل میں ہے۔
علماء کرام کا اس بات پر اجماع ہے کہ حطیم خانہ کعبہ سے جدا نہیں بلکہ یہ اسی کا حصہ ہے۔ اسی وجہ سے طواف کے وقت حطیم سے نہیں گزرا جاتا بلکہ اس کے باہر سے طواف کا چکر لیا جاتا ہے۔
کئی احادیث سے ثابت ہے اس مقام پر نماز ادا کرنے کی فضیلت خانہ کعبہ کے اندر نماز پڑھنے جیسی ہے ۔
واضح رہے زائرین کی بڑی تعداد کی وجہ سے انکی کوشش ہوتی ہے کہ وہ حطیم میں نوافل ادا کریں ۔ انتظامیہ کی جانب سے زائرین کی سہولت کے لیے اوقات اور وہاں جانے کا دورانیہ متعین کردیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ زائرین مستفیض ہوسکیں۔