ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کے چیلنجز کا سامنا ہے: وزیر داخلہ کا قطر میں خطاب
ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کے چیلنجز کا سامنا ہے: وزیر داخلہ کا قطر میں خطاب
بدھ 20 نومبر 2024 19:12
قطر میں امن عامہ کے حوالے سے خلیج تعاون کونسل کے وزارئے داخلہ کا 41 واں اجلاس(فوٹو، ایس پی اے)
وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے کہا ہے کہ سیکیورٹی سروسز کو مختلف نوعیت کے جرائم کا سامنا ہے جن میں سب سے اہم جدید ٹیکنالوجی کے غلط استعمال اور منشیات کی اسمگلنگ کے چیلنجز شامل ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق دوحہ قطر میں خلیج تعاون کونسل کے وزرائے داخلہ کے 41 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے مزید کہا کہ جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے دنیا بھر کے سیکیورٹی اداروں کو مختلف نوعیت کے چیلنجز درپیش ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بہت سے ملکوں کو اس وقت متعدد جرائم کا سامنا ہے جن میں دہشتگردی کے خطرات اور انتہا پسندی کا فروغ بھی شامل ہے۔ اس حوالے سے یہ بات مدنظر رکھنی ہوگی کہ جدید ٹیکنالوجیز کو جرائم پسند تنظیمیں اورافراد اسحلہ کی تیاری اور اسمگلنگ کے لیے بھی باسانی استعمال کرتے ہیں جس سے جرائم و دہشتگردی کے خطرات میں اضافہ ہوتا ہے۔
وزیر داخلہ نے وقت حاضر میں درپیش مشکلات اور چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے ان سے نمٹنے کے لیے مشترکہ جدوجہد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مل کر ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔
شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے منعقدہ اجلاس کو خلیجی سیکیورٹی سروسز کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اجلاس کا انقعاد خلیجی امن عامہ کے اداروں کو وقتِ حاضر میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے بہترین حل فراہم کرے گا جس سے سیکیورٹی خدمات کو مزید مستحکم کیا جاسکے گا۔
اجلاس کے ایجنڈے میں خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون کو مستحکم بنانے کے علاوہ امن عامہ کو درپیش چیلنجز کے موضوعات شامل تھے۔
سعودی وزارت داخلہ کے وفد میں معاون وزیر داخلہ برائے ٹیکنالوجی بندر بن مشاری ، قطر میں سعودی عرب کے سفیر شہزادہ منصور بن فرحان ، وزارت داخلہ کے سیکرٹری خالد البتال اور ڈائریکٹر جنرل ادارہ امن عامہ بریگیڈئرمحمد البسامی کے علاوہ ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس کرنل محمد القرنی و دیگر اعلی عہدیدار بھی شامل تھے۔