غیر قانونی طریقے سے مملکت میں داخلے کی کوشش، 3 غیرملکی گرفتار
گرفتار ہونے والوں کی تشہیر بھی کی جاتی ہے۔ (فوٹو محکمہ پاسپورٹ)
سعودی عرب میں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ نے نجران کی الودیعہ بندرگاہ کے راستے غیر قانونی طریقے سے مملکت میں داخل ہونے والے 3 یمنی شہریوں کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ نے اس حوالے سے اپنے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر تفصیلات بھی جاری کی ہیں۔
جنرل ڈائریکٹوریٹ کا کہنا ہے کہ گرفتار یمنیوں کے حوالے سے تمام قانونی کارروائی مکمل کرلی گئی ہے۔
سعودی وزارت داخلہ بار بار اس حوالے سے اعلان کرتی رہی ہے کہ جو شخص بھی سرحدی سیکیورٹی نظام کی خلاف ورزی کرے گا۔ انہیں مملکت کے اندر منتقل کرنے، پناہ فراہم کرنے یا کسی بھی قسم کی سہولت فراہم کرے گا تو اس پر 15 سال تک قید اور دس لاکھ ریال تک کا جرمانہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پناہ کے لیے فراہم کردہ جگہ اور نقل و حمل کے ذرائع ضبط کرلیے جائیں گے اور ان کی تشہیر بھی کی جائے گی۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں