سعودی عرب میں کھجور سے تیار کردہ پہلا سافٹ ڈرنک، ’میلاف کولا‘
ریاض میں جاری کھجور میلے میں نئے ڈرنک کا تعارف کرایا گیا۔ (فوٹوالاقتصادیہ)
سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی ملکیتی کمپنی ’تراث المدینہ‘ نے کھجور سے تیار کردہ مشروب ’میلاف کولا‘ لانچ کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔
الاقتصادیہ اخبار کے مطابق ریاض میں جاری کھجور میلے میں نئے ڈرنک کا تعارف کرایا گیا، اس موقع پر وزیر وزارعت عبدالرحمن الفضلی اور کمپنی کے سی ای او بندر القحطانی بھی موجود تھے۔
کمپنی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کھجور سے متعلق دیگر مصنوعات بھی جلد ہی مارکیٹ میں پیش کی جائیں گی جن کا کوئی ثانی نہیں ہوگا۔
کمپنی کچھ عرصے سے کھجور سے بنائی جانے والی مصنوعات کی تیاری میں مصروف ہے۔ اس حوالے سے ذمہ دار ذرائع کا کہنا تھا کہ ’میلاف کولا‘ پروڈکٹ کی تیاری میں انٹرنیشنل فوڈ سٹینڈرڈز کے تمام نکات کو مدنظر رکھا گیا ہے، جس میں اہم ترین عنصر اس کے اجزا کی افادیت اور ذائقہ ہے جو صارفین کو یقینی طور پر پسند آئے گا۔
واضح رہے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے سرمائے سے گزشتہ برس جولائی 2023 میں ’سوانی‘ کے نام سے کمپنی قائم کی گئی تھی جس کا مقصد اونٹنی کے دودھ سے مصنوعات کی تیاری اور اس کی مارکیٹنگ تھا۔
’تراث المدینہ‘ کمپنی کے سی ای او بندر القحطانی نے بتایا کہ کمپنی کی جانب سے کھجور سے مختلف مصنوعات کی تیاری اہم ہدف ہے جو نہ صرف مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرے بلکہ عالمی سطح پر معیار اور ذائقے میں بھی مثالی ہوں۔
القحطانی کا مزید کہنا تھا کہ ’میلاف کولا‘ سافٹ ڈرنکس کی دنیا میں ایک جدت ہے جو نہ صرف صارفین کے معیار پر پورا اترے گا بلکہ جسمانی صحت کے لیے بھی مفید ثابت ہو گا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں