سعودی عرب کی نئی ریڈیو سروس، پوڈ کاسٹ بھی نشر ہوں گے
ایپلی کیشن کے ذریعے سٹوڈیو سے براہ راست رابطے کی سہولت بھی ہو گی ( فوٹو: اخبار24)
سعودی ریڈیو و ٹی وی اتھارٹی اتوار 24 نومبر سے ’سعودی ریڈیو پلس‘ کے عنوان سے سمارٹ موبائل صارفین کے لیے سروسز کا آغاز کر رہی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق موبائل ایپ کے ذریعے سعودی ریڈیو کی سروسز کا دائرہ وسیع ہو جائے گا۔
نئی ریڈیو سروس میں ریڈیو ریاض، ریڈیو جدہ، سعودی ریڈیو ، قرآن کریم ریڈیو، ندائے اسلام ریڈیو، خزامی ریڈیوکے علاوہ اخبار ریڈیو بھی شامل ہیں۔
ایپ سروس سے براہ راست آڈیو و ویڈیو نشریات کا سلسلہ بھی شروع کیا جائے گا جو انتہائی اعلی معیار کا ہو گا اور صارفین کے لیے مثالی تجربہ ثابت ہو گا۔
’سعودی ریڈیو پلس‘ سروس کے ذریعے سامعین کی دلچسپی کے پروگرامز بھی پیش کیے جائیں گے۔
ایپلی کیشن کے ذریعے سٹوڈیو سے براہ راست رابطہ کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی جس سے سامعین اپنی رائے اور پسند کے بارے میں بھی آگاہ کر سکیں گے۔
ریڈیو سروس روایتی پروگرامز پر ہی مشتمل نہیں ہو گی بلکہ ’پوڈ کاسٹ ‘ بھی پیش کیے جائیں گے۔