لبنانی فوجی مرکز پر اسرائیل کا فضائی حملہ، ایک ہلاک، 18 زخمی
لبنانی فوجی مرکز پر اسرائیل کا فضائی حملہ، ایک ہلاک، 18 زخمی
اتوار 24 نومبر 2024 20:41
لبنان کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 35 سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
لبنانی فوج نے کہا ہے کہ اس کے ایک فوجی مرکز پر ایک اسرائیلی فضائی حملے میں ایک فوجی ہلاک اور 18 زخمی ہو گئے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 40 لبنانی فوجی مارے جا چکے ہیں حالانکہ فوج نے اسرائیل اور حزب اللہ کی جنگ سے خود کو الگ رکھا ہے۔
اس حملے کے حوالے سے ابھی اسرائیلی فوج نے کوئی بیان جاری نہیں کیا جبکہ سابقہ حملوں کے حوالے سے اس نے کہا تھا کہ وہ حادثاتی طور پر ہوئے، اور حزب اللہ کے خلاف مہم میں لبنانی فوج اس کا نشانہ نہیں ہے۔
لبنان کے نگراں وزیراعظم نجیب میقاتی نے اسے امریکی قیادت میں جنگ بندی کی کوششوں پر حملہ قرار دیتے ہوئے اسے ’جنگ کے خاتمے کے لیے تمام کوششوں اور جاری رابطوں کو مسترد کرنے کا براہ راست، خونی پیغام‘ قرار دیا ہے۔
ان کے دفتر کے جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا یے کہ ’(اسرائیل) ایک بار پھر لبنانیوں کے خون سے اس حل کو مسترد کر رہا ہے جس پر بات ہو رہی ہے۔‘
یہ حملہ جنوب مغربی لبنان میں صور اور نقورہ کے درمیان ساحلی سڑک پر ہوا، جہاں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان شدید لڑائی ہوئی ہے۔
حزب اللہ نے گذشتہ برس سات اکتوبر کو حماس کے حملے کے بعد غزہ میں شروع ہونے والی جنگ کے بعد اسرائیل پر راکٹ، میزائل اور ڈرونز سے حملے شروع کر دیے تھے۔ حزب اللہ نے ان حملوں کو فلسطینیوں اور حماس کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر پیش کیا ہے۔ اور ایران ان دونوں مسلح گروہوں کی حمایت کرتا ہے۔
راکٹ حملوں کے جواب میں اسرائیل نے جوابی فضائی حملے شروع کیے اور ستمبر میں یہ تنازع مکمل جنگ کی شکل اختیار کر گیا۔ اور اسرائیل نے لبنان کے بڑے حصوں میں فضائی حملے شروع کر دیے اور حزب اللہ کے سرکردہ رہنما حسن نصراللہ اور ان کے اعلیٰ کمانڈرز سمیت متعدد افراد کو ہلاک کر دیا۔
لبنان کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 35 سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جبکہ لڑائی نے تقریباً 12 لاکھ افراد کو بے گھر کر دیا ہے۔
دوسری جانب اکتوبر کے اوائل میں اسرائیل کے زمینی حملے کے بعد شمالی اسرائیل میں بمباری اور لڑائی میں تقریباً 90 فوجی اور 50 شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ اور تقریباً 60 ہزار اسرائیلی شہری ملک کے شمال سے بے گھر ہو چکے ہیں۔