حیفا حزب اللہ کے نشانے پر، اسرائیل کے جنوبی لبنان پر مسلسل فضائی حملے
حزب اللہ کے حیفا پر حملے میں دو اسرائیلی شہری زخمی ہوئے ہیں۔ فوٹو: روئٹرز
اسرائیل نے بیروت اور جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے گڑھ پر مسلسل فضائی حملے کیے ہیں جبکہ دوسری جانب ایرانی حمایت یافتہ عسکریت پسند گروپ نے ساحلی شہر حیفا کے گرد متعدد اسرائیلی فوجی اڈوں پر راکٹ فائر کیے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ سنیچر کی رات گئے حیفا پر ’بھاری راکٹ‘ فائر کیے گئے ہیں جبکہ یہودیوں کی ایک عبادتگاہ بھی نشانہ بنی ہے اور دو شہری زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی سکیورٹی سروسز کا کہنا ہے کہ جنوبی حیفا میں قیصریہ کے علاقے میں واقع وزیراعظم نیتن یاہو کے گھر کے قریب بھی دو فلیش بم گرے ہیں تاہم وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔
تقریباً ایک ماہ قبل بھی حزب اللہ نے نیتن یاہو کے اسی گھر کو ڈرون حملے میں نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔
حزب اللہ کا کہنا ہے کہ راکٹ حملے میں پانچ اسرائیلی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جس میں سٹیلا مارس بحری اڈہ بھی شامل ہے۔
سنیچر کو اسرائیلی فوج کے سربراہ نے بیان میں کہا کہ حزب اللہ ’بھاری قیمت ادا کر چکا ہے‘ لیکن اسرائیل تب تک لڑتا رہے گا جب تک شمال سے نقل مکانی کرنے والے اس کے ہزاروں شہری گھروں کو واپس نہیں آ جاتے۔
لیفٹیننٹ جنرل ہرزی حلیوی نے کہا ’ہم لڑائی لڑتے رہیں گے تاکہ اپنے منصوبوں کو عملی جامہ پہنا سکیں، مزید آگے بڑھ سکیں، اندر جا کر حملے کریں اور حزب اللہ کو کو سخت نشانہ بنائیں۔‘
اے ایف پی ٹی وی کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سنیچر کو اسرائیل نے بیروت میں حزب اللہ کے گڑھ کو نشانہ بنایا ہے۔
لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ تسلسل سے فضائی حملے کیے گئے ہیں۔
اسرائیل فوج کے مطابق جنگی طیاروں نے حزب اللہ کے کمانڈ سینٹر اور ہتھیار ذخیری کرنے کی جگہ کو نشانہ بنایا ہے۔
لبنانی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال 8 اکتوبر کے بعد سے 3 ہزار 452 افراد سے زیادہ ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ سب سے زیادہ ہلاکتیں ستمبر سے ریکارڈ کی گئی ہیں۔
اسرائیل نے جنوبی لبنان میں ایک فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جس کے بعد حزب اللہ کے ساتھ لڑائی میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد 48 ہو گئی ہے۔