’انڈیا لیبارٹری کی طرح ہے جہاں تجربات کیے جا سکتے ہیں‘، بل گیٹس کے تبصرے پر تنقید
بل گیٹس نے اپنے تبصرے میں انڈیا کو لیبارٹری قرار دیا جہاں تجربے ہو سکتے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
دنیا کی امیر ترین شخصیات میں شمار کیے جانے والے بل گیٹس کو انڈیا سے متعلق تبصرے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے حال ہی میں ریڈ حوفمین کے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی اور اس میں ہونے والی بات چیت کے کچھ حصے سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہو گئے۔
ایک موقع پر بل گیٹس نے کہا کہ انڈیا لیبارٹری کی طرح ہے جہاں مختلف چیزوں پر تجربہ کیا جا سکتا ہے۔
بل گیٹس کے اس کیمنٹ پر انڈیا میں لوگوں کو بہت زیادہ غصہ آیا اور تنقید بھی ہوئی۔
پوڈ کاسٹ میں بل گیٹس نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’انڈیا ایک ایسے ملک کی مثال ہے جہاں بہت کچھ ایسا ہے جو مشکل ہے۔ صحت، غذائیت اور تعلیم میں بہتری آ رہی ہے اور استحکام بھی آیا ہے۔۔ یہ عین ممکن ہے کہ آج سے 20 سال بعد لوگ حیران کن حد تک اچھی زندگی بسر کر رہے ہوں گے۔ یہ ایک لیبارٹری کی طرح ہے جہاں آپ تجربے کر سکتے ہیں اور انڈیا میں ٹھیک ثابت ہونے پر انہیں دوسری جگہوں پر لے جایا جا سکتا ہے۔‘
بل گیٹس نے مزید کہا کہ ہماری فاؤنڈیشن کا امریکہ کے علاوہ سب سے بڑا دفتر انڈیا میں ہے اور سب سے زیادہ اقدامات اپنے انڈین پارٹنرز کے ساتھ کرتے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ’انڈیا ایک لیبارٹری ہے اور بل گیٹس کے لیے ہم انڈین گِنی پگز ہیں۔ اس بندے نے حکوت، اپوزیشن سے کر میڈیا تک سب کو قابو کیا ہوا ہے۔ ان کا دفتر یہاں پر (انڈیا) ایف سی آر اے کے بغیر کام کرتا ہے اور ہمارے تعلیمی نظام نے انہیں ہیرو بنایا ہوا ہے۔ مجھے نہیں معلوم ہم کب جاگیں گے۔‘
تاہم کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ بل گیٹس کو غیرضروری طور پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ایک صارف نے لکھا ’مجھے انڈیا میں بل گیٹس کے خلاف چلنے والی کانسپیریسی تھیوری کے پیچھے رویہ سمجھ میں نہیں آ رہا۔ انڈیا میں ویکسین کے ٹرائل کے لیے گِنی پک کی طرح کے کوئی تجربات نہیں کیے جا رہے۔‘
اس سے قبل پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بل گیٹس نے انڈیا کی تعریف بھی کی تھی کہ جس طرح سے حکومت نے غذائیت میں کمی کا مسئلہ حل کیا ہے۔