بل گیٹس ریڑھی پر بنتی چائے پینے آگئے، ڈولی چائے والا کے ساتھ ویڈیو وائرل
جمعرات 29 فروری 2024 15:57
بل گیٹس اپنے دورہ انڈیا میں مختلف پروگراموں میں بطور مہمان شریک ہو رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
مائیکروسوفٹ کے شریک بانی اور سماجی شخصیت بل گیٹس حالیہ دنوں انڈیا کے دورے پر موجود ہیں۔
بل گیٹس اپنے دورہ انڈیا میں مختلف پروگراموں میں بطور مہمان شریک ہو رہے ہیں جن کے بارے میں انٹرنیٹ پر گفتگو جاری ہے۔
اسی سلسلے میں بل گیٹس کی سوشل میڈیا پر ایک دلچسپ ویڈیو جاری ہے جس میں انہیں انڈیا میں ایک ریڑھی بان سے چائے پیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
بل گیٹس نے بدھ کو فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ویڈیو (رِیل) شیئر کی جس میں انہیں سوشل میڈیا پر مشہور چائے فروش ’ڈولی چائے والا‘ سے چائے خریدتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بل گیٹس کہتے ہیں کہ ’ایک چائے دینا۔‘
اس کے بعد ویڈیو میں ڈولی چائے والا اپنے مخصوص انداز میں بل گیٹس کو چائے بنا کر دیتے ہیں۔
اس ویڈیو کے کیپشن میں بل گیٹس نے لکھا کہ ’انڈیا میں آپ کو ہر طرف نئی چیزیں دیکھنے کو ملیں گی۔ یہاں تک کہ چائے کے سادے سے کپ میں بھی۔‘
بل گیٹس اور ڈولی چائے والا کی اس ریل کو انسٹاگرام پر اب تک 3 کروڑ 21 لاکھ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے جبکہ 24 لاکھ سے زائد صارفین اسے لائک بھی کر چکے ہیں۔
خیال رہے ڈولی چائے والا کا تعلق ریاست مہاراشٹرا کے شہر ناگپور سے ہے۔
وہ یوٹیوب سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر اپنے چائے بیچنے کے مختلف انداز اور ویلوگز کے باعث مشہور ہیں۔
اُن کی چائے کی ریڑھی (سٹال) پر سیاحوں سمیت کئی مشہور لوگ آتے ہیں اور اُن کے مخصوص انداز سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔