Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صدر شی کی ’دیرینہ دوست‘ بل گیٹس سے ملاقات ’تین سال بعد دیکھ کر خوشی ہوئی‘

صدر شی جِن پنگ نے کہا کہ وہ رواں برس پہلے امریکی دوست سے ملاقات کر رہے ہیں۔ (فوٹو: روئٹرز)
چین کے صدر شی جِن پِنگ نے بِل گیٹس کو ’دیرینہ دوست‘ قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ مل کر چین اور امریکہ دونوں کے لیے سود مند سرگرمیوں کا آغاز کر سکتے ہیں۔ 
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چین کے صدر شی جِن پِنگ سے ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے شریک بانی بِل گیٹس نے جمعے کو بیجنگ میں ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران چینی صدر نے بِل گیٹس سے کہا کہ تین سال بعد ان کو دیکھ کر خوشی ہوئی اور ساتھ میں یہ بھی کہا کہ وہ ’رواں برس پہلے امریکی دوست سے ملاقات کر رہے ہیں۔‘
چین کے صدر نے کہا انہیں امید ہے کہ چین اور امریکہ کی دوستی جاری رہے گی۔
چین کے صدر نے بِل گیٹس سے ڈایوتائی سٹیٹ گیٹس ہاؤس میں ملاقات کی ہے جہاں وہ عموماً سرکاری مہمانوں سے ملتے ہیں۔
صدر شی جِن پِنگ اور بِل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرپرسن بل گیٹس سے ملاقات ایسے موقع پر ہوئی جب امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا بھی دورہ چین متوقع ہے۔
گزشتہ چار برسوں میں بِل گیٹس کا یہ پہلا چین کا دورہ ہے۔ بِل گیٹس کا شمار دنیا کے امیر ترین افراد میں ہوتا ہے۔
وہ ان مغربی کاروباری شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے کورونا وائرس کی پابندیوں کے بعد چین کا دورہ کیا۔

مئی میں ایلون مسک نے بھی چین کا دورہ کیا تھا۔ (فوٹو: روئٹرز)

تقریباً تین سال تک کورونا وائرس کی وبا کے باعث چین کا بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع رہا۔
جمعرات کو بِل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے ملیریا اور ٹی بی سے لڑنے کی غرض سے چینی عوام کے لیے 50 ملین ڈالر امداد کا اعلان کیا تھا۔
فاؤنڈیشن نے اعلان کیا کہ وہ گلوبل ہیلتھ ڈرگ ڈسکوری انسٹی ٹیوٹ (جی ایچ ڈی ڈی آئی) کے ساتھ تعاون کو بحالم کرے گی۔
رواں برس کئی امریکی کاروباری شخصیات نے چین کا دورہ کیا ہے۔ ان میں جے پی مورگن کے سی ای او جیمی ڈائمن اور ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک شامل ہیں۔
مارچ میں ایپل کے سی او ٹِم کوک نے بھی چین کا دورہ کیا تھا۔

شیئر: