مسجد نبوی روضہ شریفہ میں نماز کےلیے شیڈول کیا ہے؟
ادارہ امور حرمین نے مسجد نبوی میں روضہ الشریفہ (ریاض الجنہ) میں نماز کے لیے مرد وخواتین زائرین کے لیے یومیہ بنیاد پر شیڈول کا تعین کیا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق ادارہ امور حرمین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ زائرخواتین کے لیے نماز فجر کے فوری بعد سے صبح 11 بجے تک جبکہ دوسرا وقت عشا کی نماز کے بعد سے رات دو بجے تک ہے۔
مردوں کے لیے روضہ شریفہ کےلیے نصف شب کے بعد 2 بجے سے نماز فجر تک جبکہ دوسرا وقت ساڑھے گیارہ سے نماز عشاء تک کا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے ’نسک‘ یا ’توکلنا‘ ایپ سے پرمٹ حاصل کرنا ضروری ہے تاکہ زائرین کی خدمت بہتر انداز میں کی جاسکے۔
یاد رہے روضہ شریفہ کا رقبہ 330 مربع میٹر ہے جس میں فی گھنٹہ 800 افراد کی گنجائش ہے۔ اوسطا ہر وزیٹر کو دس مننٹ ملتے ہیں۔
روضہ شریفہ میں زائرین کے داخلے کو آسان بنانے کے لیے چار مراحل ہیں۔ نسک اور توکلنا ایپلیکیشن کے ذریعے اپائنمنٹ کی تصدیق، ای ڈیوائسزسے کیو آر کوڈ سکین کرنا پھر زائرین کو کچھ دیر انتظار کے بعد روضہ شریفہ میں بھیجا جاتا ہے۔