سعودی وزیر خارجہ منامہ ڈائیلاگ 2024 میں شرکت کےلیے بحرین پہنچ گئے
بحرینی ہم منصب ڈاکٹرعبدالطیف الزیانی نے ان کا خیرمقدم کیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان جمعے کو منامہ ڈائیلاگ فورم 2024 میں شرکت کےلیے بحرین پہنچ گئے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق بحرین پہنچنے پر منامہ کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرینی ہم منصب ڈاکٹرعبدالطیف الزیانی اور بحرین میں مملکت کے سفارتخانے کے ناظم الامور نے ان کا خیرمقدم کیا۔
منامہ ڈائیلاگ ایک سالانہ سکیورٹی سمٹ ہے جس کا اہتمام انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار سٹریٹجک سٹیڈیز( آئی آئی ایس ایس) نے بحرین کی وزارت خارجہ کے تعاون سے کیا ہے۔
یہ فورم علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کے چیلنجوں پر تبادلہ خیال کےلیے دنیا بھر کے سرکاری حکام، پالیسی ماہرین اور ماہرین تعلیم کو جمع کرتا ہے۔
2002 میں آغاز کے بعد سے ڈائیلاگ فورم نے مشرق وسطی کی سلامتی، معاشی استحکام اور بین الاقوامی سفارتکاری جیسے اہم ایشوز کو حل کرنے کے لیے مکالمے کو فروغ دینے، تعاون بڑھانے اور پالیسیوں کی تشکیل کےلیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کیا ہے۔