قتل کے بعد نعش گاڑی میں جلا دی، سعودی شہری کو سزائے موت
ایک ویران جگہ بلایا اور سر پر آہنی چیز سے وار کیے (فوٹو: اخبار24)
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ’ مشرقی ریجن میں قتل کیس میں سعودی شہری کی سزائے موت پرعمل درآمد کردیا گیا۔
قاتل نے جرم چھپانے کے لیے نعش کو گاڑی میں ڈال کر اسے نذر آتش کردیا تھا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے وزارتِ داخلہ کے بیان کے حوالے سے بتایا سعودی شہری دخیل المری نے اپنے ہم وطن علوی محسن الحامد کو ایک ویران جگہ بلایا۔ اس کے سر پر آہنی چیز سے وار کیا جس کی وجہ سے وہ بے ہوش ہو گیا۔
بعدازاں اسے قتل کرنے کے ارادے سے سر پر مزید وار کیے جب وہ ہلاک ہو گیا تو اپنے جرم کا نشان چھپانے کےلیے مقتول کی گاڑی میں نعش کو ڈالا اور جائے واردات سے دور لے جاکر آگ لگا دی۔
وزار تِ داخلہ کا مزید کہنا تھا قانون نافذ کرنے والے ادارے کی ٹیموں نے واردات کا سراغ لگا کر قاتل کو تلاش کر لیا جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران تمام واقعہ بیان کردیا۔
عدالت نے تمام ثبوتوں اور شواہد کی بنیاد پر قاتل کے خلاف سزائے موت کا حکم سنا دیا جسے اپیل کورٹ نے بھی جرم کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے برقرار رکھا۔