Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیگیج رولز میں ترامیم واپس: بیرون ملک سے ایک سے زائد فون لانے پر پابندی ختم

ایف بی آر نے نو دسمبر کو ایک سے زائد موبائل فون لانے پر پابندی عائد کی تھی (ایکس، ایف بی آر)
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین نے اوورسیز پاکستانیوں پر ایک سے زائد موبائل فون لانے پر پابندی کی تجویز پر روک دی ہے اور ہدایات دی ہیں کہ اس حوالے سے مزید غور و خوض کے بعد ترمیم لائی جائے۔ 
منگل کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ چیئرمین نے کسٹمز بیگیج رولز 2006 میں مجوزہ ترامیم واپس لینے کی ہدایت کی ہے، اور فوری طور پر ایک سے زائد موبائل فون لانے پر پابندی کی تجویز پر عمل درآمد روک دیا ہے۔
موجودہ قوانین کے تحت بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو دو موبائل فون لانے کی اجازت برقرار رہے گی۔ اس کے ساتھ چیئرمین نے 1200 ڈالر سے زائد مالیت کی کمرشل اشیا پر پابندی کی تجویز بھی واپس لینے کا حکم دیا اور ترامیم کو مشاورت کے بعد دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ایف بی آر نے حالیہ ترامیم میں تجویز دی تھی کہ مسافر اپنے ذاتی موبائل کے علاوہ ایک سے زائد موبائل فون نہ لا سکیں گے اور 1200 ڈالر سے زائد مالیت کا سامان لانے پر پابندی عائد ہو۔
ان ترامیم کا مقصد بیرون ملک سے موبائل فون لا کر مقامی مارکیٹ میں فروخت کے رجحان کو روکنا تھا۔
مسودے کے مطابق اگر کوئی مسافر ذاتی استعمال کے علاوہ ایک سے زیادہ موبائل فون لائے گا تو وہ ایئرپورٹ پر ضبط کر لیا جائے گا۔ اسی طرح اگر سامان کی مجموعی مالیت 1200 ڈالر سے تجاوز کرے تو وہ بھی ڈیوٹیز ادا کرنے کے باوجود ضبط کیا جا سکتا ہے۔
تاہم موبائل فون کے معاملے میں مالیت کی بجائے تعداد کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ ذاتی استعمال سے زائد موبائل فونز چاہے ان کی مالیت 1200 ڈالر سے زیادہ ہو یا کم، ضبط کیے جائیں گے۔
ایف بی آر نے وضاحت کی ہے کہ موبائل فون کے کاروبار سے منسلک افراد پہلے سے موجود قوانین کے تحت موبائل فونز درآمد کر سکتے ہیں، اور ان پر ان نئے قواعد کا اطلاق نہیں ہو گا۔

شیئر: