بصارت سے محروم افراد کے لیے ریاض میٹرو میں کیا سہولتیں ہیں؟
جمعرات 12 دسمبر 2024 5:21
بصارت سے محروم افراد کے لیے خصوصی ٹریکس بنائے گئے ہیں (فوٹو: سکرین گریب)
سعودی عرب میں ریاض میٹرو سروس ہر طبقہ کے لیے انتہائی مفید ثابت ہو رہی ہے۔
میٹرو کو جہاں صحت مند افراد سفر استعمال کر رہے ہیں، وہاں مخصوص افراد بھی اس سہولت سے مستفیض ہو رہے ہیں۔
میٹرو میں سفر کرنے والے بصارت سے محروم سعودی شہری ابراہیم المحیا نے الاخباریہ چینل کو اپنے سفر کے پہلے تجربے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ’سٹیشن کی حدود میں داخل ہونے سے لے کرمطلوبہ سٹیشن تک پہنچنے میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔‘
ابراہیم المحیا کا مزید کہنا تھا ’سفید چھڑی‘ والوں کے لیے فرش پر جو خصوصی ٹریک بنایا گیا ہے وہ مثالی ہے، ایسی سہولت بہت کم ملتی ہے۔ میٹرو سٹیشن میں داخل ہوتے ہی مخصوص ٹریک کے ذریعے بآسانی اور بغیر مدد کے ٹکٹ کاؤنٹرز تک پہنچا جا سکتا ہے۔‘
’ٹکٹ کاؤنٹز پرموجود عملہ تعاون کرنے والا ہے بغیر کسی دشواری کے ٹکٹ حاصل کرنے کے بعد مطلوبہ پلیٹ فارم تک پہنچنے میں بھی کسی قسم کی دشواری پیش نہیں آئی۔ گاڑی میں سوار ہونے کے بعد صوتی گائیڈ سسٹم کے ذریعے اپنے مطلوبہ سٹیشن پر اترنے کے بعد مخصوص ٹریک پر’سفید چھڑی‘ کا استعمال کرتے ہوئے سٹیشن سے باہر جانا بھی بہت آسان مرحلہ تھا۔‘
واضح رہے ریاض میٹرو میں مخصوص افراد کے لیے خصوصی اہتمام کیا گیا ہے، تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
معذوروں کے لیے ویل چیئرز کا بھی بندوبست ہے جبکہ بصارت سے محروم افراد کے لیے خصوصی ٹریکس بنائے گئے ہیں جن پر وہ افراد اپنی چھڑی کے سہارے بآسانی حرکت کر سکتے ہیں۔