وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی ریاض پہنچ گئے ہیں جہاں ان کی سعودی وزیر مملکت برائے داخلہ ڈاکٹر خالد محمد عبداللہ البتال سے ملاقات ہوئی۔
اتوار کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان سعودی عرب تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
محسن نقوی نے 2034 کی فیفا کی میزبانی سعودی عرب کو ملنے پر سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد دی اور فٹ بال ورلڈ کپ 2034 کے حوالے سے سعودی عرب کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب ہمارا سب سے بااعتماد دوست اسلامی ملک ہے. ہر پاکستانی کو اس دوستی پر ناز ہے۔ سعودی عرب میں ہمیشہ بہت پیار اور خلوص ملتا ہے۔‘
محسن نقوی نے کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 نے ترقی و خوشحالی کی تاریخ رقم کی ہے۔
سعودی وزیر مملکت برائے داخلہ ڈاکٹر خالد محمد عبداللہ البتال نے کہا کہ ’پاکستان کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات ہیں۔ دورہ سعودی عرب کے دوران آپ کی اہم ملاقاتوں کے حوالے سے باہمی تعلقات میں مزید آگے کی طرف دیکھ رہے ہیں۔‘