Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شادی پر ملنے والے تحائف نے یوٹیوبر رجب بٹ کو حوالات پہنچا دیا

چوہنگ پولیس نے رجب بٹ کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے۔ (فوٹو: لاہور پولیس)
پاکستان کے مشہور یوٹیوبر اور ٹک ٹاکر رجب بٹ کو ان کی شادی پر ملنے والے تحائف نے مصیبت میں ڈال دیا ہے۔
دو روز قبل جمعے کو لاہور میں رجب بٹ کے ولیمے کے موقع پر پر ان کے فینز اور دوستوں نے انہیں بیش قیمتی تحائف دیے، لیکن ان میں سے دو تحائف ایسے تھے جنہوں نے رجب کو دو ہی روز بعد حوالات کی سیر کرا دی ہے۔
ان قیمتی تحائف میں ایک شیر کا بچہ اور ایک رائفل بھی شامل تھے اور سوشل میڈیا پر ان کی ویڈیوز وائرل ہیں۔
اور شاید یہ وائرل ویڈیوز کہیں سرکاری حکام کی نظروں میں بھی آ گئیں اور اتوار کو پولیس نے محکمہ وائلڈ لائف کے ہمراہ رجب بٹ کے گھر پر چھاپہ مار کر لائسنس کے بغیر شیر کا بچہ رکھنے پر انہیں حراست میں لے لیا اور رائفل بھی قبضے میں لے لی۔ چوہنگ پولیس نے رجب بٹ کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے اور ان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کر لی ہے۔
رجب بٹ اپنے فیملی وی لاگز کی وجہ سے جانے جاتے ہیں اور ان کے یوٹیوب پر 45 لاکھ 60 ہزار سبسکرائبرز ہیں۔
اس سے قبل بھی پولیس نے سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش اور غیرقانونی طور پر خطرناک جانور رکھنے پر کئی ٹک ٹاکرز اور یوٹیوبرز کو گرفتار کیا ہے۔

شیئر: