’خارجہ پالیسی کی ترجیحات‘ سعودی سفارتی مشنوں کے سربراہوں کا ریاض میں اجلاس
وژن 2030 کے اہداف کے حصول میں مشنوں کا کردار کو اجاگر کیا گیا۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت خارجہ نے اتوار کو ریاض میں مملکت کے سفارتی مشنز کے سربراہان کے پانچویں اجلاس کا انعقاد کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں ہونے والے اس اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور وزارت کے عہدیدار بھی موجود تھے۔
اجلاس کے دوران مختلف سیشنزمیں سعودی وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ، وزیر سیاحت احمد الخطیب، وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح، وزیر اقتصادیات فیصل الابراہیم، وزیر اطلاعات سلمان بن یوسف الدوسری، انسانی حقوق کمیشن کی سربراہ ڈاکٹر ھالہ التویجری اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں سعودی خارجہ پالیسی کی ترجیحات، مملکت کے سٹریٹجک مقاصد اور وژن 2030 کے اہداف کے حصول میں سعودی مشنوں کا کردار کو اجاگر کیا گیا۔
ان انتظامی، مالیاتی اور ڈیجیٹل اقدامات پر بھی بات کی گئی جو سفارتی مشنوں کو ان کی آپریشنل کارکردگی کو بڑھانے میں معاون ہیں۔
سعودی عرب کے بیرون ملک مشنوں کے سربراہان کا پہلا جنرل اجلاس 2006 میں ریاض میں سفارتی کارکردگی کو بہتر بنانے کے سلوگن کے تحت ہوا تھا۔ 2010 میں ہونے والے دوسرے اجلاس میں وزارت خارجہ کے پانچ سالہ سٹریٹجک منصوبے اور اس میں مشنز کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
2017 میں تیسرے اجلاس کے دوران کام کی حکمت عملی اور پروفیشنل کارکردگی کے معیارات پر توجہ مرکوز کی گئی۔ چوتھا اجلاس سفیر کا پیغام کے عنوان سے منعقد کیا گیا تھا۔