Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شامی عوام کے تحفظ کےلیے اٹھائے گئے اقدامات پر مطمئن ہیں: سعودی وزارت خارجہ

تاریخ کے اس اہم مرحلے پر شامی عوام کی سپورٹ کا اعادہ کیا گیا ( فوٹو: اے ایف پی)
سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ’ مملکت نے شام میں تیزی سے بدلتی صورتحال کا جائزہ لیا ہے اور وہ شامی عوام کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے اٹھائے گئے مثبت اقدامات سے مطمئن ہے۔‘
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ کے بیان میں شام میں خونریزی روکنے، اپنے اداروں اور صلاحیتوں کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
بیان میں شام کی تاریخ کے اس اہم مرحلے پر شامی عوام اور ان کے انتخاب کےلیے سپورٹ کا اعادہ، شام اور اس کےعوام  کے اتحاد کو برقرار رکھنے کےلیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا تاکہ ملک کو افراتفری سے بچایا جا سکے۔
وزارت نے ہر اس چیز کےلیے سپورٹ کا کا عزم ظاہر کیا جو شام کی سلامتی اور استحکام کو اس طریقے سے حاصل کرے جس سے اس کی خود مختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کا تحفظ ہو سکے۔
بیان میں سعودی عرب نے عالمی برادری پر زور دیا کہ ’وہ شامی عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہو اور اس کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے گریز کیا جائے۔‘
اس اہم مرحلے پر شام کی سپورٹ کرنا انتہائی اہم ہے تاکہ شامی عوا م کو کئی برسوں کے دوران جن پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ان پر قابو پانے میں مدد کی جا سکے۔ اس دوران غیرملکی ملیشیاوں نے شام کو اپنے لوگوں پر غیرملکی ایجنڈے کو مسلط کرنے کےلیے تباہ کردیا۔

بیان کے مطابق وقت آگیا کہ شامی عوام باوقار زندگی سے لطف اندوز ہوں (فوٹو: اے ایف پی)

بیان میں کہا گیا ’اب وقت آگیا ہے کہ شامی عوام اپنی اس باوقار زندگی سے لطف اندوز ہوں جس کے وہ حقدار ہیں۔ اس کے تمام عناصر سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے روشن مستقبل کی تشکیل می اپنا حصہ ڈالیں۔‘
یاد رہے کہ شام کے صدر بشار الاسد دارالحکومت دمشق میں عسکریت پسندوں کے داخل ہونے کے بعد ملک چھوڑ کر چلے گئے ہیں اور انہوں روانگی سے قبل پرامن انتقال اقتدار کا حکم جاری کیا ہے۔
اتوار کو روس کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بشار الاسد آج ملک چھوڑ گئے ہیں تاہم وزارت نے اپنے بیان میں یہ وضاحت نہیں کہ بشار الاسد اس وقت کہاں ہیں۔

شیئر: