لودھراں کے سکیورٹی گارڈ کی بیٹی کا نیپال کے خلاف میچ سے انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز
پیر 16 دسمبر 2024 11:55
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ٹیم کے ہیڈ کوچ محسن کمال نے شہر بانو کو ڈیبیو کیپ پہنائی۔ (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر لودھراں سے تعلق رکھنے والے سکیورٹی گارڈ کی باصلاحیت بیٹی انٹرنیشنل کرکٹر بن گئی ہیں۔
15 سالہ شہر بانو ساتویں جماعت کی طالبہ ہیں اور انہوں نے ملائشیا میں ویمنز انڈر 19 ٹی20 ایشیا کپ میں نیپال کے خلاف میچ سے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا۔
ٹیم کے ہیڈ کوچ محسن کمال نے شہر بانو کو ڈیبیو کیپ پہنائی۔
ٹیم انتظامیہ اور کھلاڑیوں نے ڈیبیو کرنے والی کھلاڑی شہر بانو کو انٹرنیشنل کیریئر شروع کرنے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
شہر بانو لیفٹ آرم فاسٹ بولر ہیں اور آج نیپال کے خلاف میچ سے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا ہے۔
شہر بانو کا تعلق لودھراں کے علاقے چک نمبر 48 ایم سے ہے اور وہ ترین کرکٹ اکیڈمی کی ٹیم سے کھیلتی ہیں۔
ترین کرکٹ اکیڈمی کے اونر علی خان ترین نے قومی انڈر 19 ٹیم میں منتخب ہونے پر شہر بانو کو مبارکباد پیش کی ہے۔