Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیجنڈری کرکٹر بریڈمین کی ٹوپی دو لاکھ 60 ہزار ڈالرز تک فروخت ہونے کا امکان

ڈان بریڈمین سنہ2001 میں 92 برس کی عمر میں وفات پا گئے تھے (فائل فوٹو: گارڈین)
آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے عظیم بلے باز ڈان بریڈمین کی پہنی ہوئی ٹوپی، جسے ’بیگی گرین‘ کہا جاتا ہے، نیلامی کے لیے پیش کی جائے گی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈان بریڈمین کی ٹوپی کو منگل کو نیلامی کے لیے پیش کی جائے گی اور اس کی قیمت دو لاکھ 60 ہزار ڈالرز تک لگائی جاسکتی ہے۔
پاکستانی کرنسی میں یہ رقم سات کروڑ 22 لاکھ کے لگ بھگ بنتی ہے۔
خبر کے مطابق ڈان بریڈمین نے یہ اونی ٹوپی 1947 اور48 میں انڈیا کے دورہ آسٹریلیا کے دوران استعمال کی تھی۔
یاد رہے کہ برصغیر کی تقسیم کے بعد یہ انڈیا کی  پہلی غیر ملکی سیریز تھی۔
نیلام گھر بون ہیمز کے مطابق یہ وہ واحد ٹوپی ہے جو بریڈمین نے اپنی سب سے کامیاب ترین سیریز میں سے ایک کے دوران پہنی۔
اس دوران بریڈمین نے مہمان ٹیم کے خلاف چھ اننگز میں 178.75 کی اوسط سے 715 رنز بنائے تھے۔ انہوں نے اس سیریز میں تین سینچریاں اور ایک ڈبل سنچری سکور کی تھی۔
کافی خستہ حال ہونے کے باوجود نیلام گھر کو توقع ہے کہ یہ ٹوپی ایک لاکھ 95 ہزار سے دو لاکھ 60 ہزار ڈالرز تک میں نیلام ہوسکتی ہے۔
ڈان بریڈ مین کرکٹ کی تاریخ کے سب سے کامیاب بلے باز ہیں جن کی 99.94 رنز کی اوسط کے قریب آج تک کوئی نہیں پہنچ سکا ہے۔

ڈان بریڈ مین کرکٹ کی تاریخ کے سب سے کامیاب بلے باز ہیں (فائل فوٹو: گیٹی)

رپورٹ کے مطابق 2020 میں بھی ڈان بریڈ مین کی ایک ٹوپی نیلام کی گئی تھی۔ انہوں نے یہ ٹوپی 1928 میں اپنے ٹیسٹ ڈیبیو کے دوران پہنی تھی اور یہ دو لاکھ 90 ہزار ڈالر میں نیلام ہوئی تھی ۔
ایک اور آسٹریلوی لیجنڈ شین وارن نے 2020 میں اپنی ٹوپی نیلامی کے لیے  پیش کی تو وہ ساڑھے چھ لاکھ ڈالر میں فروخت ہوئی تھی۔
انہوں نے یہ رقم آسٹریلیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے متاثر ہونے والے افراد کی مدد کے لیے وقف کی تھی۔ ڈان بریڈمین 2001 میں 92 سال کی عمر میں وفات پا گئے تھے۔

شیئر: