Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوسرا ٹیسٹ: پاکستان کی دو وکٹوں کے نقصان پر انگلینڈ کے خلاف بیٹنگ جاری

تین میچز کی سییرز میں انگلینڈ کو پاکستان پر 1-0 کی برتری حاصل ہے (فوٹو: اے ایف پی)
تین میچز کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔ 
ملتان میں منگل کے روز شروع ہونے والے ٹیسٹ میں پاکستان نے اس وقت 2 وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز سکور کر لیے ہیں۔
اننگز کے آغاز میں ہی قومی ٹیم کی جانب سے اوپنر عبداللہ شفیق 7 رنز بنا کر جبکہ کپتان شان مسعود 3 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، انگلینڈ کے بولر جیک لیچ نے دونوں وکٹیں حاصل کیں۔
 پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ ٹاس کے وقت کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ ’ٹیسٹ میچ میں بس آپ نے 20 وکٹیں حاصل کرنا ہوتی ہیں۔ ہم سب بہت زیادہ پرجوش ہیں، ہمارے پاس اچھے سپنرز موجود ہیں۔‘ 
شان مسعود نے مزید کہا کہ ’پاکستان کے لیے کھیلنا اعزاز کی بات ہے۔‘
انگلش کپتان بین سٹوکس کا کہنا تھا کہ ’پہلے ٹیسٹ میں ہمیں اچھی کامیابی ملی،آج اگر ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے بیٹنگ کرتے۔‘ 
پاکستان نے گزشتہ روز اپنے پلیئنگ الیون کا اعلان کیا تھا جس میں تین سپنرز کو شامل کیا گیا ہے۔ 
دوسرے ٹیسٹ کی پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، عبداللہ شفیق، شان مسعود (کپتان)، کامران غلام، سعود شکیل (نائب کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، عامر جمال، نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود کو شامل کیا گیا ہے۔ 
دوسری جانب انگلینڈ کے پلیئنگ الیون میں زیک کرولی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، بین اسٹوکس (کپتان)، جیمیاسمتھ (وکٹ کیپر)، برائیڈن کارس، میٹ پوٹس، جیک لیچ اور شعیب بشیر شامل ہیں۔  
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، تیسرا ٹیسٹ 24 اکتوبر سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: