سعودی وزیر صنعت کی قاہرہ میں مصری وزیراعظم سے ملاقات
دورے کا مقصد دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مستحکم بنانا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر صنعت ومعدنی وسائل بندر بن ابراہیم الخریف نے پیر کو قاہرہ میں مصری وزیر اعظم مصطفی مدبولی سے ملاقات کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، صنعت اور کانکنی سمیت اقتصادی شعبوں میں مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی عرب اور مصر کے درمیان خوراک، فارماسیٹیکل سکیورٹی اور آٹوموبائل انڈسٹری جیسے قومی سلامتی سے متعلق شعبوں میں صنعتی انضمام بڑھانے کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔
سعودی مصری سپریم کوآرڈینشن کونسل کی تشکیل اور باہمی سرمایہ کاری کے فروغ اور تحفظ سے متعلق معاہدے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ سرمایہ کاری کے فروغ اور تجارتی تبادلے میں اضافے کے علاوہ مملکت اور مصر میں سرمایہ کاری کے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانے کےلیے نجی شعبے کے کردار پر بھی زور دیا گیا۔
سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل کے دورے کا مقصد دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مستحکم بنانا، صنعتی اور کان کنی کے شعبوں میں مشترکہ تعاون کو فروغ دینا، سٹریٹجک صنعتی شعبوں خاص طور پر خوراک اور فارما میں باہمی سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔