Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین سے صدر آصف علی زرداری کی ملاقات

صدر مملکت نے کہا کہ ’سعودی عرب کے ساتھ پارلیمانی تعاون اور اعلیٰ سطحی تبادلے بڑھانے کی ضرورت ہے۔‘ (فوٹو: ایوان صدر)
اسلام آباد میں سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم آل الشیخ اور ارکان کے وفد سے صدر پاکستان آصف علی زرداری کی ملاقات ہوئی جس میں فریقین نے دیرینہ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط کرنے پر زور دیا۔
جمعرات کو ایوان صدر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ’سعودی عرب کے ساتھ پارلیمانی تعاون اور اعلیٰ سطحی تبادلے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پارلیمانی تعاون سے پاکستان، سعودی عرب برادرانہ تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔‘
صدر مملکت نے ’سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔‘
پاکستان، سعودی عرب تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ اور ثقافت پر استوار ہیں، دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور سرمایہ کاری تعاون بڑھانے کی مزید گنجائش موجود ہے۔‘
آصف علی زرداری نے ’بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے اور اسرائیلی جارحیت سے پیدا ہونے والی مشرق وسطیٰ کی سنگین صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان فلسطین، لبنان اور شام سے تعلق رکھنے والے اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے۔‘
انہوں نے خادمین حرمین شریفین اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت، تندرستی اور درازی عمر کے لیے دعاگو ہیں۔
سعودی چیئرمین شوریٰ کونسل ڈاکٹرعبداللہ بن محمد بن ابراہیم آل الشیخ نے کہا کہ پاکستان کی قیادت اور ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت ہوئی، انہوں نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے صدر کی صحت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

شیئر: