سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین کے اعزاز میں سپیکر قومی اسمبلی کا عشائیہ
عشائیے میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی (فوٹو: قومی اسمبلی سیکریٹریٹ)
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔
بدھ کو اسلام آباد میں دیے گئے عشائیے میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی غلام مصطفیٰ شاہ بھی عشائیے میں موجود تھے۔
سردار یوسف، شاہدہ اختر علی اور چاروں صوبوں کی اسمبلیوں کے سپیکرز بھی عشائیے میں شریک تھے۔
اس سے قبل بدھ کو ہی سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم آل الشیخ اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے درمیان پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور پارلیمانی روابط کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوا۔
سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم آل الشیخ نے پرتپاک استقبال پر سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم آل الشیخ نے سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں پاکستان کی پارلیمان کے کردار کو سراہا۔
’دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی، اقتصادی، تجارتی اور تعلیمی شعبوں میں تعاون میں اضافہ دونوں ممالک کے عوام کے بہترین مفاد میں ہے۔‘
انہوں نے مسلم امہ کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’مسلم دنیا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین نے پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں اضافے اور دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین کا حالیہ دورۂ پاکستان دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں تعاون کو فروغ دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کی پارلیمان سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے ساتھ اپنے مفاہمتی یادداشتوں کو عملی جامہ پہنانا چاہتی ہے۔‘