Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: مدارس رجسٹریشن بل، اُمید ہے معاملہ ایک دو روز میں حل ہو جائے گا : فضل الرحمان

یہ لائیو پیج اب مزید اپڈیٹ نہیں جا رہا ہے۔

 

اہم نکات:

  • صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس، کُرم میں تمام بنکرز مسمار کرنے کا فیصلہ
  • مدارس رجسٹریشن بل ایوانوں سے منظوری کے بعد ایکٹ بن چکا: فضل الرحمان
  • خواہش ہے کہ اپوزیشن بھی قانون سازی میں کردار ادا کرے: سپیکر ایاز صادق

صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس، کُرم میں تمام بنکرز مسمار کرنے کا فیصلہ

پشاور میں صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کُرم کے فریقین سے اسلحہ جمع کرنے اور تمام بنکرز مسمار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور متعلقہ اراکین صوبائی کابینہ کے علاوہ کور کمانڈر پشاور سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ضلع کرم کے دونوں فریقین سے اسلحہ جمع کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا۔معاہدے میں رضاکارانہ طور پر اسلحہ جمع کرنے کے لیے دونوں فریق 15 دنوں میں لائحہ عمل دیں گے۔‘
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یکم فروری تک علاقے میں قائم تمام بنکر مسمار کیے جائیں گے۔ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر علاقے کا زمینی راستہ وقفے وقفے سے عارضی طور پر کھول دیا جائے گا۔

وزیر داخلہ کا فرنٹیئر کانسٹیبلری کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پشاور میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔
انہوں نے ’یادگارِ شہداء‘ پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیرداخلہ محسن نقوی اور علی امین گنڈاپور کے درمیان ایف سی ہیڈ کوارٹر میں ملاقات ہوئی۔
اس موقع پر علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ’فرنٹیئر کانسٹیبلری کے پی کے میں امن و امان یقینی بنانے کے لیے انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔‘

مدارس رجسٹریشن بل کا معاملہ، وزیراعظم سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
مولانا فضل الرحمان مدارس رجسٹریشن بل پر علماء کے ساتھ ہونے والی مشاورت سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’وزارتِ قانون معاملے کو حل کرنے کے لیے آئین اور قانون کے مطابق اقدامات کرے۔‘

دونوں ایوانوں سے بل منظور ہونے کے بعد ایکٹ بن چکا: فضل الرحمان

وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’ہم نے اپنا موقف دہرایا اور یہ واضح کیا کہ دونوں ایوانوں سے بل منظور ہو جانے کے بعد اب ایکٹ بن چکا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اگر صدر نے اعتراض کرنا ہے تو ایک اعتراض ہو چکا اور اس کا آئین اور قانون کے مطابق سپیکر نے جواب بھی دے دیا۔ اس جواب پر صدر نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کی نہ ہی اپنے اعتراض پر کوئی اصرار کیا۔‘
مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ ’دوسرا اعتراض آئینی طور پر بنتا نہیں کیونکہ انہیں اختیار نہیں۔ آئینی مدت گزرنے کے بعد بھیجا گیا ہے جو ابھی تک سپیکر کے دفتر تک نہیں پہنچا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’وزیراعظم کا رویہ بہت مثبت تھا، اُمید ہے معاملہ ایک دو روز میں حل ہو جائے گا۔ شاید اس معاملے پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی ضرورت نہ پڑے۔‘

وزیراعظم کے قتل سے بڑا جرم کیا ہو سکتا ہے، کسی کو ذمہ دار قرار دے کر سزا دی جانی چاہیے تھی: جسٹس اطہر من اللہ

جسٹس اطہر من اللہ نے قتل کے ملزم کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت کے دوران ریمارکس میں کہا ہے کہ ’2017 سے یہ مقدمہ سپریم کورٹ میں زیرِ التواء ہے جبکہ ریاست حکومت گرانے اور لانے میں مصروف ہے، سارے ادارے سیاسی مخالفین کے پیچھے پڑے ہیں۔‘
جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے قتل کیس کی سماعت کی۔
دورانِ سماعت جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ یہ ادارہ بھی اتنا سچ بولتا ہے جتنا ہمارا معاشرہ، 40 سال بعد منتخب وزیراعظم کے قتل کا اعتراف کیا گیا، وزیراعظم کے قتل سے بڑا جرم کیا ہو سکتا ہے، کسی کو ذمہ دار قرار دے کر سزا دی جانی چاہیے تھی۔‘
عدالت نے قتل کے ملزم کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر ایس پی سپریم کورٹ کو ملزم کو گرفتار کرکے جیل حکام کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

شپ یارڈ منصوبہ: کیا فائدہ کیا نقصان ہوگا رپورٹ مرتب کی جائے، وزیراعلیٰ بلوچستان

وزیراعلٰی بلوچستان نے گوادر سے متصل ساحلی علاقے سربندن میں شپ یارڈ منصوبے کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ مرتب کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گوادر کا دورہ کیا جہاں انہیں شپ یارڈ کی مجوزہ سائٹ پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’شپ یارڈ منصوبے میں مقامی آبادی کو کیا فائدہ کیا نقصان ہوگا تفصیلی رپورٹ مرتب کی جائے۔ تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کیلئے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جائیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی منصوبے پر عمل درآمد سے قبل مقامی نمائندوں اور آبادی کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔‘

لاہور: پولیو کے قطرے نہ پلانے پر شہری کے خلاف مقدمہ درج

پولیس نے پولیو کے قطرے نہ پلانے پر لاہور کے علاقے ڈیفنس کے رہائشی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
شہری احسان  کے خلاف کارسرکار میں مداخلت اور عزت نفس مجروح کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ ’ملزم احسان نے اپنے نو ماہ کے بیٹے کو پولیو قطرے پلانے سے انکار کیا۔ ملزم پولیو ٹیم کے ساتھ بدتمیزی کرتا رہا۔‘

’گمراہ کُن مارکیٹنگ‘، فروزن ڈیزرٹ بنانے والی بڑی کمپنیوں کو جرمانہ

کمپٹیشن کمیشن نے فروزن ڈیزرٹ بنانے والی بڑی کمپنیوں پر گمراہ کُن مارکیٹنگ کرنے کے الزام میں جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
کمپٹیشن کمیشن کے مطابق کمپنیاں اپنی فروزن ڈیزرٹ کو آئس کریم کے نام سے مارکیٹ کر رہی ہیں۔
والز بنانے والی کمپنی یونی لیور پر 95 ملین روپے جبکہ اومور باننے والی کمپنی فریزلینڈ پر 75 ملین روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
کمپٹیشن کمیشن کے مطابق فوڈ کوالٹی سٹینڈرز کے مطابق صرف آئس کریم دودھ اور دیگر ڈیری پراڈکٹ سے تیار کی جاتی ہے۔
’فروزن ڈیزرٹ میں ویجیٹیبل آئل اور فیٹ استعمال کیے  جاتے ہیں۔ کمپنیاں اپنی پراڈکٹ پر فروزن ڈیزرٹ اور اجزا کا واضح ڈیسکلیمر دیں۔‘

اپیکس کمیٹی کا اجلاس جاری، قیامِ امن کے لیے اقدامات کا جائزہ

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت پشاور میں صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔
اجلاس میں خیبرپختونخوا خاص طور پر کُرم میں امن کے قیام کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
خیبر پختونخوا کی حکومت کے ترجمان بیرسٹر محمد علی سیف نے بتایا تھا کہ اجلاس میں بنکرز اور اسلحے کے خاتمے کے حوالے سے اہم پیش رفت کا امکان ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی علی امین گنڈاپور کے ہمراہ سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کریں گے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سے آسٹریلین ہائی کمشنر کی ملاقات

وفاقی وزیر مذہبی امور اور اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین سے آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی۔ 
ملاقات میں دنیا میں مذہبی عدم برداشت، دہشتگردی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان میں وزارت تعلیم کے ماتحت 18 ہزار سے زائد مدارس کو رجسٹر کیا گیا ہے۔ مدارس کے طلبا کو جدید تکنیکی تعلیم فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔‘
آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز کا کہنا تھا کہ ’آسٹریلیا مدارس کے طلبا کو جدید تکنیکی تعلیم دینے کے لیے پاکستان کی معاونت کے لیے تیار ہے۔‘

انسانی سمگلروں کی سہولت کاری میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم

وزیراعظم نے انسانی سمگلروں کی سہولت کاری میں ملوث ایف آئی اے اہلکاروں کی نشاندہی اور ان کے خلاف کے سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت انسانی سمگلنگ کی روک تھام سے متعلق اجلاس ہوا۔
وزیراعظم کو یونان کشتی حادثے اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ’2023 کے کشتی اُلٹنے کے حادثے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی میں انتہائی سست روی سے کام لیا گیا۔ ذمہ دار افسروں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔‘

عافیہ صدیقی کی رہائی، ’وزیراعظم کے امریکی صدر کو لکھے خط کا جواب نہیں آیا‘

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔   
 سماعت کے دوران وزارت خارجہ کے نمائندے نے بتایا کہ ’وزیراعظم کی جانب سے ڈاکٹر عافیہ سے متعلق امریکی صدر کو لکھے گئے خط کا کوئی جواب نہیں آیا۔‘
جسٹس اعجاز اسحاق نے ریمارکس دیے کہ ’ملک کے ایگزیکٹو نےخط لکھا اور اس کا جواب نہیں آیا، اسے کیا سمجھیں؟ امریکہ میں پاکستانی سفیرکے وفد کو جو بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ ملاقات کرنی چاہیے تھی۔‘
عدالت نے امریکہ میں سزا معافی کی درخواست سے لے کر اب تک وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے دنیا بھر کے دوروں کی تفصیلات طلب کر لیں۔

چاہتے ہیں سپیکرز غیرجانبدار ثالث کا کردار ادا کریں: سپیکر ایاز صادق

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اسلام آباد میں منعقدہ  18ویں سپیکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس میں پارلیمان کی بالادستی کا اعادہ کیا گیا۔
انہوں نے کانفرنس کے اختتام پر اہم فیصلوں کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ’قومی ایشوز پر تمام سپیکرز مشترکہ لائحہ عمل کی تشکیل میں معاونت کریں گے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ہم سب کی خواہش ہے کہ تعمیری مذاکرات ہوں، باہمی ہم آہنگی ہو اور اختلافِ رائے کی بھی عزت کی جائے۔ ہماری خواہش ہے کہ اپوزیشن بھی قانون سازی میں کردار ادا کرے۔‘
سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ سپیکرز غیرجانبدار ثالث کا کردار ادا کریں۔ ہم یہ چاہتے ہیں کہ ایک چارٹر ہو جس میں پارلیمانی ضابطۂ اخلاق طے کیے جائیں۔‘

وزیر داخلہ اور علی امین کی ملاقات، کُرم کی صورتحال پر تبادلۂ خیال

وزیر داخلہ نے پشاور میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور کرم میں قیامِ امن کے لیے اقدامات پر بات چیت کی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ کو قیامِ امن کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ’خیبرپختونخوا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے میں مکمل تعاون کریں گے۔ کرم میں امن کا قیام اوّلین ترجیح ہے۔‘
وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کرم میں پائیدار امن کا قیام کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں تمام نجی سکول 21 دسمبر سے 5 جنوری تک بند رہیں گے: نوٹی فکیشن

اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق نجی تعلیمی ادارے 21 دسمبر سے پانچ جنوری تک بند رہیں گے۔

مریم نواز کی عمران خان مخالف تقاریر نشر کرنے پر پابندی کی درخواست، اعتراض ختم

لاہور ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے عمران خان مخالف بیانات نشر کرنے سے رُکوانے کی درخواست پر اعتراض ختم کر دیا،
لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے رہنما اکمل خان کی درخواست پر ہائی کورٹ آفس کا اعتراض ختم کیا۔
عدالت نے درخواست کو 26 جنوری کو درخواست سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ’وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بانی پی ٹی آئی کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کرتی ہیں۔عدالت چیئرمین پیمرا کو ان کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی کا حکم دے۔‘

اپیکس کمیٹی اجلاس، کرم کے معاملے پر اہم فیصلے متوقع: بیرسٹر سیف

خیبر پختونخوا کی حکومت کے ترجمان بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت آج کرم معاملے پر اپیکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’اپیکس کمیٹی میں اعلیٰ سول و عسکری قیادت شرکت کرے گی۔ اجلاس میں کرم کے معاملے پر اہم فیصلوں کا امکان ہے۔‘
بیرسٹر سیف نے بتایا کہ اپیکس کمیٹی کو اب تک کی پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔ ’اجلاس میں بنکرز اور اسلحے کے خاتمے کے حوالے سے اہم پیش رفت کا امکان ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اپیکس کمیٹی میں کرم میں پائیدار امن کے لیے حکمتِ عملی وضع کی جائے گی۔

18 ویں ترمیم پر مؤثر انداز میں عمل درآمد ناگزیر ہے: چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد میں منعقدہ  18ویں سپیکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’پارلیمانی گورننس کو مضبوط بنانے کےلیے یہ کانفرنس اہم ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’18ویں ترمیم ملکی جمہوری تاریخ میں اہم پیش رفت ثابت ہوئی۔ اس ترمیم کے نتیجے میں وفاق سے انتظامی اور مالیاتی اختیارات صوبوں کو منتقل ہوئے۔ 18 ویں ترمیم پر موثر انداز میں عمل درآمد ناگزیر ہے۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ’اس کانفرنس میں بات چیت اور اتفاق رائے سے 187ویں ترمیم پر عمل درآمد کی راہ میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی ہو سکے گی۔‘

گوادر پی ایس ایل پلیئر ڈرافٹ کی میزبانی کرے گا: پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ بلوچستان کا پورٹ سٹی گوادر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کے پلیئر ڈرافٹ کی میزبانی کرے گا۔
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب 11 جنوری 2025 کو منعقد ہو گی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ’گوادر اپنی شاندار ساحلی پٹی اور سٹریٹجک اہمیت کے ساتھ پاکستان کے معاشی مستقبل کے دل کی حیثیت رکھتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’گوادر میں پی ایس ایل پلیئر ڈرافٹ کی میزبانی کرنے کا مقصد اس کی ثقافتی اور اقتصادی اہمیت کو اُجاگر کرنا ہے۔‘ 

شیخ رشید کی بریت کی درخواست خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری

لاہور ہائی کورٹ نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی بریت کی درخواست خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ’درخواست گزار نے ابتدائی مرحلے پر بریت کی درخواست دائر کی۔ کیس میں ابھی گواہ آنے باقی ہیں اور کیس کا ٹرائل بھی شروع ہونا ہے۔ گواہ یا شہادتوں کو دیکھنے کے بعد عدالت بریت سے متعلق درخواست پر فیصلہ کرتی ہے۔‘
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ’عدالت اس مرحلے  پر بریت کی درخواست مسترد کرتی ہے تاہم، ٹرائل سٹیج پر درخواست گزار بریت کی درخواست دائر کر سکتا ہے۔‘

’شاندار کم بیک‘، وزیراعظم کی پاکستان کرکٹ ٹیم کو مبارکباد

وزیرِاعظم شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے پر مبارکباد دی۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ’پاکستان کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ میں شاندار کم بیک کیا۔  ون ڈے سیریز میں کامیابی کھلاڑیوں کی محنت اور غلطیوں سے سیکھنے کی بدولت ممکن ہوئی۔‘
شہباز شریف نے اُمید ظاہر کی کہ آئندہ میچز بالخصوص چیمپیئنز ٹرافی میں بھی ٹیم شاندار کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے سیریز جیت کر پاکستانی کرکٹ شائقیں کو بہترین تحفہ دیا۔

مدارس رجسٹریشن بل، وزیراعظم کا مولانا فضل الرحمان سے رابطہ

وزیراعظم شہباز شریف نے جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کر کے مدارس رجسٹریشن بل کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان کو آج جمعے کو ملاقات کے لیے مدعو کرلیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان سہ پہر تین بجے وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔
مولانا فضل الرحمان اتحاد تنظیمات مدارس کا مؤقف وزیراعظم کے سامنے رکھیں گے۔
وزیراعظم کی جانب سے نئی تجاویز دی گئیں تو مولانا اتحاد تنظیمات مدارس سے مشاورت کے لیے رجوع کریں گے۔

پنجاب کی جیلوں میں کرسمس کی تقریبات: محکمہ داخلہ

محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر کی جیلوں میں مسیحی قیدیوں کے لیے کرسمس کی تقریبات منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پنجاب کی جیلوں میں خصوصی کرسمس دعائیہ تقاریب ہوں گی اور کیک کاٹے جائیں گے۔
کرسمس کے موقع پر مسیحی قیدیوں کی اہل خانہ سے خصوصی ملاقات کا بھی اہتمام ہوگا۔ 

پاکستان کے ساتھ جوہری معاملات پر ’تعمیری‘ بات چیت جاری رکھنے کے لیے پُرامید ہیں، امریکہ

امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ جوہری معاملے اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل پروگرام پر ’تعمیری‘ بات چیت کے لیے تیار ہے۔
پریس بریفنگ کے دوران نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا کہ ’امریکہ عالمی عدم پھیلاؤ کے نظام کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور پاکستان اس میں ایک اہم شراکت دار ہے۔ تاہم، ہمارا پاکستان کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل پروگرام کے بارے میں خدشات کے  حوالے سے مؤقف واضح اور مستقل ہے۔‘
جمعرات کو پاکستان کے دفتر خارجہ نے جاری بیان میں واضح کیا تھا کہ پاکستان کی سٹریٹیجک صلاحیتوں کا مقصد اپنی خودمختاری کا دفاع اور جنوبی ایشیا کے خطے میں امن و استحکام کو قائم رکھنا ہے۔

شیئر: