صارفین اب چیٹ جی پی ٹی سے کال اور واٹس ایپ پر بھی بات کر سکیں گے
اوپن اے آئی کے چیف پراڈکٹ آفیسر کیون وِیل نے انکشاف کیا ہے کہ یہ فیچر کچھ ہی ہفتوں میں تیار کیا گیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
مائیکروسوفٹ اوپن اے آئی کی مدد سے تیار کیے جانے والا چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی اب پہلے سے بھی زیادہ آسانی سے میسر ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق صارفین اب اے آئی چیٹ بوٹ سے ایک مختص فون نمبر یا واٹس ایپ کے ذریعے بھی بات چیت کر سکیں گے۔
اوپن اے آئی کے مطابق امریکہ میں رہنے والے صارفین اب ہر ماہ 15 منٹ تک مفت چیٹ جی پی ٹی سے فون کال پر بات سکیں گے یا اُسی فون نمبر پر واٹس ایپ میسج کر سکیں گے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اوپن اے آئی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’آغاز میں امریکہ میں رہنے والے صارفین ایک ماہ میں 15 منٹ تک وائس کالنگ کر سکیں گے۔‘
’یہ چیٹ جی پی ٹی سے بات کرنے کا ایک تجربہ کیا جا رہا ہے لہٰذا اس کی دستیابی اور حدود مختلف ہو سکتی ہیں۔‘
اس نئے فیچر کا مقصد صارفین کو چیٹ جی پی ٹی سے سادہ اور آسان ذریعے سے روشناس کروانا ہے۔

ویب سائٹ ’دی ویرج‘ کے مطابق اوپن اے آئی کے چیف پروڈکٹ آفیسر کیون وِیل نے انکشاف کیا ہے کہ یہ فیچر چند ہی ہفتوں میں تیار کیا گیا ہے۔
فون لائن اوپن اے کی ریئل ٹائم اے پی آئی کو استعمال کرتا ہے جبکہ واٹس ایپ پر چیٹ جی پی ٹی کا فیچر جی پی ٹی فور او مِنی کے ذریعے ریلیز کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ امریکہ میں رہنے والے صارفین اپنے فون سے 8478-242-800-1 نمبر پر کال کر کے بات کر سکتے ہیں۔
چیٹ جی ٹی پی سے فون پر بات کرنے کے لیے ضروری نہیں ہے کہ آپ کے پاس سمارٹ فون ہو بلکہ فِلپ فونز اور لینڈ لائن سے بھی اس نمبر پر کال کی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب واٹس ایپ پر چیٹ جی پی ٹی سے بات کرنے لیے صارفین اسی نمبر پر میسج کر سکتے ہیں۔