مریم نواز ریکارڈنگ سے روکتی رہیں، ’چیٹ جی پی ٹی‘ کی مدد سے پہلا عدالتی فیصلہ سمیت گذشتہ ہفتے پاکستان کی اہم خبریں
مریم نواز ریکارڈنگ سے روکتی رہیں، ’چیٹ جی پی ٹی‘ کی مدد سے پہلا عدالتی فیصلہ سمیت گذشتہ ہفتے پاکستان کی اہم خبریں
ہفتہ 15 اپریل 2023 0:05
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان میں گذشتہ ہفتے ’چیٹ جی پی ٹی‘ کی مدد سے لکھے گئے عدالتی فیصلے، مریم نواز شریف کی جانب سے انٹرویو کی ریکارڈنگ رکوانے کی کوشش، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی نااہلی، ملک میں موبائل اسیمبلنگ کی بحالی اور پورے ملک میں ایک ہی دن انتخابات کرانے کی قراردار سے متعلق خبریں قارئین کی توجہ کا مرکز رہیں۔
’چیٹ جی پی ٹی‘ کی مدد سے پاکستان کا پہلا عدالتی فیصلہ
صوبہ پنجاب کے شہر پھالیہ کے ایک جج نے کم عمر ملزم کو ریپ کی کوشش کے الزام میں ضمانت قبل از گرفتاری دینے کے فیصلے میں مصنوعی ذہانت کا سہارا لیا ہے۔
جج نے مصنوعی ذہانت کے سافٹ ویئر ’چیٹ جی پی ٹی فور‘ سے مدد لینے کو اپنے فیصلے کا حصہ بنایا ہے۔ یہ فیصلہ گزشتہ مہینے مارچ کی 29 تاریخ کو پھالیہ کے ایڈیشنل سیشن جج محمد عامر منیر کی عدالت سے جاری کیا گیا۔
مریم نواز میزبان کو ریکارڈنگ سے روکتی رہیں، ’ویڈیو بند کر دیں ذرا‘
پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز سے ایک انٹرویو کے دوران توشہ خانہ سے لی گئی مہنگی گاڑی کے بارے میں پوچھا گیا ایک سوال سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
گزشتہ ماہ مریم نواز نے ایک انٹرویو دیا تھا جس میں ان سے سوال کیا گیا کہ ان کو 2009 اور 2010 کے درمیان بی ایم ڈبلیو کی گاڑی تحفے میں ملی تھی؟ جس کے جواب میں مریم نواز کہتی ہیں کہ ان کو اس کے ریکارڈ کے بارے میں کچھ علم نہیں۔
دوران انٹرویو مریم نواز نے میزبان کو کئی مرتبہ ریکارڈنگ روکنے کی درخواست کی اور کہا کہ ان کو اس کے بارے میں علم نہیں اور وہ حقائق معلوم کریں گی۔
’عدلیہ مخالف بیان‘، کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس نااہل
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس کو کشمیر کی ہائی کورٹ نے اسمبلی رکنیت اور کسی بھی عوامی عہدے کے لیے دو برس تک نااہل قرار دے دیا ہے۔
اس حوالے سے پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے الیکشن کمیشن نے منگل کو نوٹی فیکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
سردار تنویر الیاس خان نے منگل کو عدالت کے سامنے عدلیہ سے متعلق اپنے بیان پر مبنی ویڈیو کلپس کی تصدیق کی اور غیرمشروط معافی طلب کی تاہم عدالت نے انہیں نااہل قرار دے دیا۔
پاکستان میں موبائل اسیمبلنگ بحال، ’مارکیٹ میں کام بری طرح متاثر ہوا‘
پاکستان میں اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کے لیے اچھی خبر یہ کہ چینی موبائل ساز کمپنی کے مقامی سطح پر تیار ہونے والے موبائل فون کی اسیمبلنگ ایک بار پھر پاکستان میں شروع ہوگئی ہے۔
موبائل اسیمبلرز کا کہنا ہے کہ خام مال کی کمی دور ہونے کے بعد ایک بار پھر سے موبائل کی اسیمبلنگ کی جا رہی ہے، لیکن مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے حساب سے آرڈر تیار کرنے میں مزید وقت لگے گا۔