Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترکیہ کے وزیر خارجہ کی نئے شامی رہنما احمد الشرع سے ملاقات

ہاکان فیدان نے جمعے کو اعلان کیا تھا کہ وہ شام کے نئے رہنماوں سے ملاقات کے لیے دمشق جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ (فوٹو: انوطولیہ نیوز ایجنسی)
ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے اتوار کو دمشق میں شام کے نئے رہنما احمد الشرع سے ملاقات کی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ترکیہ کی وزارت خارجہ نے ملاقات کی تصدیق کی ہے لیکن یہ نہیں بتایا کہ ملاقات دمشق میں کہاں ہوئی ہے۔
ہاکان فیدان نے جمعے کو اعلان کیا تھا کہ وہ شام کے نئے رہنماوں سے ملاقات کے لیے دمشق جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ترکیہ کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی طرف سے جاری ایک ویڈیو میں ترک وزیر خارجہ اور نئے شامی رہنما کو معانقہ کرتے دکھایا گیا ہے۔
ترکیہ کے انٹیلی جنس چیف ابراہیم کلن نے بشار الاسد یک معزولی کے چند دن بعد 12 دسمبر کو دمشق کا دورہ کیا تپا
 نجی ترک ٹی وی نے ایک ویڈیو کلپ میں ابراہیم کلن کو دمشق کی امیہ مسجد سے محافظوں کے ہمراہ نکلتے ہوئے دکھایا تھا۔
ترکیہ 2011 میں شام میں خانہ جنگی کے آغاز کے بعد سے شامی اپوزیشن کی حمایت کر رہا ہے۔
اس سے قبل امریکہ کی اعلٰی سفارتکار برائے مشرق وسطیٰ باربرا لیف نے دمشق میں احمد الشرع سے ملاقات کی تھی۔ یہ امریکی سفارت کاروں کا شام میں خانہ جنگی شروع ہونے کے بعد پہلا باضابطہ دورہ دمشق تھا۔
اعلٰی امریکی سفارتکار نے بتایا کہ واشنگٹن نے شام کے نئے رہنما احمد الشرع کا نام مطلوب افراد کی فہرست سے نکال دیا ہے اور اُن کی جانب سے مذاکرات کے دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ کے ’مثبت پیغام‘ کو سراہا ہے۔
یاد رہے کہ شام میں بشار الاسد کے خلاف تحریک کی قیادت اسلام پسند تنظیم ھیئۃ التحریر الشام ( ایچ ٹی ایس ) نے کی جس کے رہنما احمد الشرع ہیں۔ اس تحریک کے نتیجے میں آٹھ دسمبر کو دہائیوں سے قائم بشار الاسد کی حکومت کا خاتمہ ہوا۔

شیئر: