ضوابط کی خلاف ورزی، متعدد غیرملکی ٹرک پکڑے گئے، 5 ہزار ریال جرمانہ
اتوار 22 دسمبر 2024 20:56
غیرملکی ٹرانسپورٹ آپریشنز کے کنٹرول کےلیے ضوابط مقرر ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے نگرانی کی مہم کے دوران ضوابط کی خلاف ورزی پر متعدد غیرملکی ٹرکوں کو تحویل میں لیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق اتھارٹی نے آفیشل ایکس اکاونٹ پر بیان میں کہا کہ’ خلاف ورزی پر پانچ ہزار ریال جرمانے عائد کیے جاتے ہیں۔‘
ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے مملکت میں غیرملکی ٹرانسپورٹ آپریشنز کو کنٹرول کرنے کےلیے ضوابط مقرر کیے ہیں جس پر متعلقہ اداروں کے تعاون سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔
یہ ضوابط تاجروں، فیکڑیوں، درآمد کنندگان، اداروں اور کمپنیوں کو مملکت کے شہروں کے درمیان ٹرانسپورٹیشن کےلیے غیرسعودی ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے ساتھ معاہدہ کرنے سے روکتے ہیں۔
غیرملکی ٹرکوں کا کام بیرون مملکت سے مخصوص شہر تک سامان کی ٹرانسپورٹنگ یا واپسی کے راستے میں واقع شہروں میں سامان کی ٹرانسپورٹیشن تک محدود ہے اوراس کے لیے اتھارٹی سے اجازت نامہ لینا ہوگا۔
غیرملکی نمبرپلیٹ والے ٹرکوں کو ٹرانزٹ کی اجازت ہوتی ہے، مملکت کے اندر کسی شہر یا علاقے میں سامان کی لوڈنگ کی اجازت نہیں ہوتی۔
اتھارٹی کا کہنا ہے’ متعلقہ حکام کے تعاون سے نگرانی کی مہم جاری رہے گی۔ تمام شہری اور مقیمین اگر غیرملکی ٹرکوں کے کام سے متعلق کوئی خلاف ورزی دیکھیں تو توہ سرکاری چینلز یا سوشل میڈیا کے ذریعے کی اطلاع دیں۔‘