ابشر پلیٹ فارم میں مزید 15 سروسز کا اضافہ
جمعرات 26 دسمبر 2024 22:51
معاون وزیر داخلہ نے مختلف شعبوں کے افراد کو اعزازات سے نوازا۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی معاون وزیر داخلہ برائے ٹیکنالوجی شہزادہ بندر بن عبداللہ بن مشاری نے وزارت داخلہ کے الیکٹرانک پلیٹ فارم ’ابشر‘ کے ذریعے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف بارڈر گارڈز، جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس اور سول سٹیٹس (الاحوال المدنیہ)، سپیشل فورسز فار سیکیورٹی اینڈ پروٹیکشن، نیشنل سینٹر فار سیکیورٹی آپریشنز، کمیونیکیشنز اینڈ سیکیورٹی سسٹمز اور ایجنسی فار ریجنز افیئرز کے شعبوں کے لیے 15 نئی الیکٹرانک سروسز کا افتتاح کیا۔
اخبار 24 کے مطابق ریاض میں وزارت داخلہ ایمپلائز کلب میں دسویں سالانہ ابشر فورم 2024 برائے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ بندر بن عبداللہ بن مشاری نے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے شعبے میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ممتاز افراد کو اعزازات سے نوازا۔
معاون وزیر داخلہ نے اس موقع پر کہا کہ ’وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن نایف کی سرپرستی میں مملکت کے وژن 2030 کے مقاصد کے مطابق ڈیجٹیل گورنمنٹ کے میدان میں اپنی عالمی پوزیشن کو بہتر بنایا ہے‘۔
شہزادہ بندر بن عبداللہ بن مشاری کو وزارت داخلہ کی تکنیکی کامیابیوں اور مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجیز کا استعمال کرتے ہوئے ابشر پلیٹ فارم سروسز کے مستقبل، وزارت کے کام میں اضافے، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے کام کے طریقہ کار کو بہتر بنانے اور دیگر خدمات اور اس سے مستفید ہونے والوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
معاون وزیر داخلہ نے مملکت کے وژن 2030 کے حصول، الیکٹرانک خدمات کی فراہمی میں جدت طرازی اور مملکت میں معیار زندگی کو بہتر بنانے میں ٹیکنالوجی کی اہمیت اور جدید ٹیکنالوجی کے اطلاق میں سرکاری و نجی اداروں کے مابین انضمام کو بڑھانے کے لیے ڈیجیٹل تبدیلی کے شعبوں میں جدید تکنیکی رجحانات کی اہمیت پر زور دیا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں