ابشر پورٹل پر مزید کن خدمات کا اضافہ کیا گیا؟
بینک فراڈ کی رپورٹ بھی ابشر پورٹل پر کرائی جاسکے گی(فوٹو، ایس پی اے)
ادارہ امن عامہ کے ڈائریکٹرلفیٹیننٹ جنرل محمد بن عبداللہ البسامی نے وزارت داخلہ کے ڈیجیٹل پورٹل ’ابشر‘ پر مزید نئی سہولتوں کا اجرا کردیا ہے۔ تجرباتی مدت کی کامیابی کے بعد باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کےمطابق ادارہ امن عامہ کے صدر دفتر ریاض میں منعقدہ تقریب میں ابشر پورٹل پر فراہم کی جانے والی نئی سروسز میں بینک اے ٹی ایم کارڈ ’مدی‘ کے ذریعے دھوکہ دہی کا شکار ہونے کی رپورٹ بھی کرائی جاسکے گی۔
دیگر فراہم کی جانے والی سہولتوں میں گاڑیوں کی نمبر پلیٹ کی منتقلی ، معمولی ٹریفک حادثات کی رپورٹ ، ٹریفک چالان کی مہلت سے استفادہ کرنے کے لیے اضافی مدت کی درخواست ، کریکٹرسرٹیفکیٹ کی تصدیق (بیرون مملکت سے ) ، گاڑی کی ملکیت کی منتقلی (کمپنی سے نجی شخص کو) گاڑی کی نمبرپلیٹ کی تبدیلی اور ٹریفک پولیس کا جدید پورٹل شامل ہیں۔
واضح رہے ابشر پورٹل پر فراہم کی جانے والی نئی خدمات سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیرملکیوں کی سہولت کے لیے فراہم کی گئی ہیں جن کا مقصد سرکاری معاملات کی جلد انجام دہی اور وقت کی بچت ہے۔