ریاض ریجن میں ’سٹریس فیسٹول‘ کا آغاز یکم جنوری سے
رس دار پھلوں کا فیسٹول مملکت میں غیرمعمولی اہمیت کا حامل ہے (فوٹو: ایس پی اے)
ریاض ریجن کی کمشنری الحریق میں نویں ’سٹریس فیسٹول‘ یکم جنوری 2025 سے شروع ہوگا جو دس دن جاری رہے گا۔
رس دار پھل کینو، موسمی اور نارنجی کا فیسٹول مملکت میں غیرمعمولی اہمیت کا حامل ہے، مختلف علاقوں کی پیداوار یہاں لائی جاتی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ’سٹریس فیسٹول‘ کا انعقاد قومی کمپنی برائے زراعت کی جانب سے کیا گیا ہے جس میں 20 سے زائد مقامی زرعی پیداوار پیش کی جائیں گی۔
سٹریس فیسٹول میں مزارعین وہ پیداوار بھی پیش کریں گے جو مقامی سطح پر کاشت کی جاتی ہے۔
الحریق کمشنری میں مالٹا کی سالانہ پیداور 5 ہزار ٹن کے مساوی ہے جبکہ 350 سےزائد فارمز میں درختوں کی تعداد 94 ہزار کے قریب ہے۔
واضح رہے قومی کمپنی برائے زرعی خدمات کا قیام سعودی وزرا کونسل کی منظوری کے بعد کیا گیا تھا جو مملکت میں زراعت کے فروغ کے لیے مخصوص ہے۔