Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کرائے بے بی‘، روہت شرما آسٹریلوی میڈیا کا نیا شکار

وراٹ کوہلی کے بعد آسٹریلین میڈیا نے روہت شرما کو اپنا نشانہ بنا لیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین سٹار کرکٹر وراٹ کوہلی کے بعد انڈین ٹیم کے کپتان روہت شرما بھی آسٹریلین میڈیا کے نشانے پر آ گئے ہیں۔
پیر کو بارڈر گواسکر سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی انڈیا کے خلاف جیت کے بعد آسٹریلین اخبار ویسٹ آسٹریلین سپورٹ نے اخبار کا ایک عکس جاری کیا جس میں انڈین ٹیم کو طنز کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی اس تصویر کے عنوان میں لکھا گیا ’معجزہ‘ اور ساتھ ہی نیچے وراٹ کوہلی کو ’کلاؤن‘ (مسخرہ) اور کپتان روہت شرما کو ’کرائے بے بی‘ یعنی روتا ہوا بچہ قرار دیا گیا۔

فوٹو: ویسٹ آسٹریلین سپورٹ

آسٹریلوی میڈیا اور اخبارات کی جانب سے ایسے پوسٹرز جاری کرنے کا سلسلہ کافی دن سے جاری ہے۔
گزشتہ روز بھی ویسٹ آسٹریلین اخبار نے یشوی جیسوال کے تین کیچز چھوڑنے کے بعد روہت شرما کے ردعمل پر انہیں ’کرائے بے بی‘ کہا تھا اور اخبار کا صفحہ جاری کیا تھا۔

فوٹو: ویسٹ آسٹریلین سپورٹ

آسٹریلوی اخبار ویسٹ آسٹریلین نے اس سے قبل سیم کونسٹاس سے تنازع کے بعد وراٹ کوہلی کو ’کلاؤن‘ یعنی مسخرہ بھی قرار دیا تھا۔

فوٹو: ویسٹ آسٹریلین سپورٹ

دوسری جانب اتوار کو آسٹریلیا کے ایک اور اخبار نے بلے باز سیم کونٹساس کا حوالہ دیتے ہوئے ہیڈلائن لگائی کہ ’وراٹ، میں تمہارا باپ ہوں۔

فوٹو: سنڈے ٹائمز

خبر میں ٹیسٹ ڈیبیو کے موقع پر سیم کونٹساس کی نصف سینچری کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ’نوجوان سٹار جس نے کوہلی اور ان کے ساتھی انڈینز کو شکست دی، وہ آسٹریلیا کو دوبارہ ٹریک پر لانے کو تیار تھے۔
آسٹریلوی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’نوجوان کھلاڑی پر دباؤ ڈالنے کے لیے وراٹ کوہلی نے اسی جارحیت کا مظاہرہ کیا جو ان کی پہچان بن چکا ہے، وہ کونسٹاس سے ٹکرائے تاہم یہ حربہ ناکام ہو گیا کیونکہ اس کے بعد کونسٹاس نے جسپریت بمہراہ کو کئی بڑے شاٹس لگائے، جس میں ریورس ریمپ بھی شامل تھا اور جسپریت کی 60 گیندوں پر 34 رنز بنائے۔‘
یاد رہے اس واقعے کے بعد آئی سی سی کی جانب سے وراٹ کوہلی پر میچ فیس کے 20 فیصد کا جرمانہ اور بین الاقوامی کرکٹ میں ایک پوائنٹ کم بھی کیا گیا تھا۔
بارڈر گواسکر ٹرافی کی پانچ ٹیسٹ پر مشتمل سیریز آسٹریلیا میں کھیلی جا رہی ہے اور چوتھے ٹیسٹ کے بعد  آسٹریلیا کو انڈیا پر 2-1 کی برتری حاصل ہے۔

شیئر: