آسٹریلیا: ٹیسٹ میچ میں تماشائیوں کی حاضری کا 87 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
پیر 30 دسمبر 2024 9:51
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان چوتھا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہوا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا میں ٹیسٹ میچ کے دوران تماشائیوں کی حاضری کا 87 سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق میلبرن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان چوتھے ٹیسٹ کے پانچ دنوں میں تین لاکھ 73 ہزار 691 سے زائد تماشائی گراؤنڈ کے دروازوں سے گزرے۔
پیر کے روز کرکٹ آسٹریلیا نے تصدیق کی کہ ٹیسٹ میچ میں حاضری کے ریکارڈ کو توڑنے کے لیے پانچویں دن کے پہلے سیشن میں 51 ہزار371 لوگ پہلے ہی آ چکے تھے اور دوپہر کے آخر تک یہ ہجوم بڑھ کر 74 ہزار 362 تک پہنچ گیا تھا۔
باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے دوران پہلے روز 87 ہزار 242، دوسرے روز 85 ہزار 147، تیسرے روز 83 ہزار 73، چوتھے روز 43 ہزار 867 اور پانچویں روز 74 ہزار 362 لوگوں نے میچ دیکھا۔
ایم سی جی ٹیسٹ کے دوران پانچویں دن میں تماشائیوں کی تعداد چوتھے دن سے زیادہ ہونا ایک غیرمعمولی بات سمجھی جاتی ہے، یہاں تک کہ انتظامیہ کو پانچویں دن کے لیے گراؤنڈ کے باہر یارا پارک کو پارکنگ کے لیے کھولنا پڑا۔
آسٹریلیا کے ایم سی جی میں اس سے قبل سنہ 1937 میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں 3 لاکھ 50 ہزار 534 تماشایوں کا ریکارڈ موجود تھا۔ یہ ٹیسٹ آسٹریلیا نے سر ڈونلڈ بریڈمین کی قیادت میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا جو چھ دنوں تک جاری رہا۔
اس کے علاوہ سنہ 2022 میں ایم سی جی میں ہونے والے انڈیا اور پاکستان کے ٹی20 میچ میں تماشائیوں کی بڑی تعداد دیکھنے میں آئی تھی جب 90 ہزار 293 لوگوں نے یہ میچ دیکھا تھا۔