چوتھا ٹیسٹ: آسٹریلیا نے انڈیا کو شکست دے کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی
چوتھا ٹیسٹ: آسٹریلیا نے انڈیا کو شکست دے کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی
پیر 30 دسمبر 2024 10:46
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کو انڈیا کے خلاف 2-1 کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا نے چوتھے ٹیسٹ میچ میں انڈیا کو 184 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
پیر کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں چوتھے ٹیسٹ کے پانچویں روز 340 رنز کے تعاقب میں انڈین ٹیم 150 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
بارڈر گواسکر ٹرافی کے چوتھے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں آسٹریلیا نے 474 رنز سکور کیے تھے جس میں سٹیون سمیتھ 140 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انڈیا کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 4، رویندر جڈیجا نے 3، اکاش دیپ نے 2 اور واشنگٹن سندر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
انڈین ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 369 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی جس میں نتیش کمار ریڈی 114 اور یشوی جیسوال 82 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پیٹ کمنز اور نیتھن لیون نے بھی 3، 3 کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی۔
دوسری اننگز میں آسٹریلیا 234 رنز بنا کر ڈھیر ہوئی اور انڈیا کو جیت کے لیے 340 رنز کا ہدف دیا تھا۔ دوسری اننگز میں آسٹریلیا کی جانب سے مارنس لیبوشانے 70 رنز سکور کر کے نمایاں بیٹر رہے جبکہ انڈیا کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 5، محمد سراج نے 3 اور رویندر جڈیجا نے 1 وکٹ حاصل کی تھی۔
میچ کے پانچویں روز انڈین ٹیم 340 رنز کا تعاقب نہ کر سکی اور 155 پر آل آؤٹ ہو گئی۔ یشوی جیسوال 84 اور رشبھ پنت 30 رنز بنا پائے، جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز اور سکاٹ بولیڈ نے 3، 3، نیتھن لیون نے 2، مچل سٹارک اور ٹریوس ہیڈ نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
پانچ ٹیسٹ میچز پر مشتمل گواسکر بارڈر ٹرافی آسٹریلیا میں کھیلی جا رہی ہے۔ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں انڈیا نے آسٹریلیا کو 295 رنز سے شکست دی تھی، دوسرا ٹیسٹ آسٹریلیا نے 10 وکٹوں سے جیتا، تیسرا ٹیست برابر رہا جبکہ چوتھے ٹیسٹ میں آسٹریلیا 184 رنز سے فتح یاب ہوا۔ آسٹریلیا کو سیریز میں انڈیا کے خلاف 2-1 کی برتری حاصل ہے۔
اس شکست کا مطلب ہے کہ انڈیا کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کی امیدیں بہت کم ہو چکی ہیں، لیکن اس سیریز میں وہ سڈنی میں فتح کے ساتھ بارڈرگواسکر ٹرافی کو اب بھی برابر کر سکتا ہے۔
انڈیا کو کوالیفائی کرنے کی امید زندہ رکھنے کے لیے پہلے سڈنی ٹیسٹ لازمی جیتنا ہوگا اور پھر امید کرنا ہوگی کہ اگلی سیریز میں سری لنکا آسٹریلیا کو 2-0 سے شکست دے۔
دوسری جانب آسٹریلیا اگر آخری ٹیسٹ جیت لیتا ہے تو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جنوبی افریقہ کے ساتھ اپنی جگہ بنائے گا۔
واضح رہے گزشتہ روز جنوبی افریقہ نے پاکستان کو ٹیسٹ میں شکست دے کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔