Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں منموہن سنگھ نے نواز شریف کے ماڈل کو اختیار کیا: وزیراعظم

وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ ’وزیراعظم کے دلیرانہ اقدامات کی وجہ سے معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔‘ (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’نوے کی دہائی میں انڈیا میں منموہن سنگھ نے نواز شریف کے ماڈل کو اختیار کیا تھا۔‘
منگل کو اسلام آباد میں قومی اقتصادی منصوبے ’اُڑان پاکستان‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’گزشتہ نو ماہ کے دوران ہمیں بڑے چینلنجز کا سامنا رہا ہے۔ اس دوران ہم نے بین الاقوامی معاشی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کیا۔ ہم نے میکرواکنامک استحکام حاصل کر لیا ہے مگر یہ صرف آغاز ہے۔ ڈیفالٹ سے استحکام تک ہمارے سفر میں بہت مشکلات کا سامنا رہا۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’جب 2023 میں ہم آئی ایم ایف کے پروگرام کے لیے کوششیں کر رہے تھے، اس وقت پاکستان ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا۔ اس وقت ہماری تمام حلیف جماعتوں نے فیصلہ کیا کہ سیاست کی بجائے ریاست کو بچانا ہے اور معاشی استحکام کے لیے ہر سطح تک جانا ہے۔‘
انہوں نے کچھ عرصہ قبل ملنے والے آئی ایم ایف پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ان شاء اللہ یہ پاکستان کی تاریخ کا آخری آئی ایم ایف پروگرام ہو گا۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’میں وزیر خزانہ کی بات کی ترتیب ذرا بدلنا چاہتا ہوں کہ نوے کی دہائی میں انڈیا میں منموہن سنگھ نے نواز شریف کے ماڈل کو اختیار کیا تھا۔‘
وزیرخزانہ نے اپنی تقریر کے دوران انڈیا کے منموہن سنگھ کے ماڈل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے ’لائسنس راج‘ کا خاتمہ کیا جس کے بعد ان کے ہاں معاشی ترقی کی راہ ہموار ہوئی۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’معیشت کی ترقی اور سیاسی استحکام لازم و ملزوم ہیں۔ آج بھی ہم چارٹر آف اکانومی کے لیے پوری طرح یکسو ہیں۔‘
پاکستان نے مالی سرپلس 24 برس بعد حاصل کیا ہے: وزیر خزانہ
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’وزیراعظم کی قیادت میں ملک ترقی کی جانب گامزن ہے۔ پاکستان کی سٹاک ایکسچینج نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔ پاکستان نے مالی سرپلس 24 برس بعد حاصل کیا ہے۔ ڈیفالٹ ریٹ میں 93 فیصد کمی ہونا بڑی کامیابی ہے۔‘
منگل ہی کو اس سے قبل وزیرخزانہ نے ایک ویڈیو میں قومی اقتصادی منصوبے ’اڑان پاکستان‘ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ منصوبہ ملک کو آئندہ دو سے تین برسوں میں ایسے مقام پر پہنچا دے گا کہ آئی ایم ایف کا یہ آخری قرض پروگرام ہو گا۔

وزیرخزانہ نے کہا ’اڑان پاکستان منصوبہ اگلے تین برسوں میں ملک کو دنیا کے بڑے ممالک کی صف میں لا کھڑا کرے گا (فوٹو: ویڈیو گریب)

وزیرخزانہ  نے کہا تھا کہ ’آج کا دن انتہائی اہم ہے، ہم وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں معاشی تبدیلی کے منصوبے کو لانچ کرنے جا رہے ہیں۔‘
’اس منصوبے کا مقصد ملک میں آنے والے میکرو اکنامک استحکام کو پائیدار ترقی کی طرف لے کر جانا ہے جس کے لیے معاشی ترقی برآمدات پر منحصر ہو گی اور نجی شعبے کو ملک کی قیادت کرنا ہوگی۔‘
وزیرخزانہ کا مزید کہنا تھا کہ ’اڑان پاکستان منصوبہ اگلے تین برسوں میں ملک کو دنیا کے بڑے ممالک کی صف میں لا کھڑا کرے گا۔‘
بڑے چیلنجز کے باوجود ہمارے پاس بے پناہ مواقع ہیں: احسن اقبال
وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’وزیراعظم کے دلیرانہ اقدامات کی وجہ سے معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔ بڑے چیلنجز کے باوجود ہمارے پاس بے پناہ مواقع ہیں جن سے استفادہ کر کے ملک کو خوشحالی سے ہمکنار کرنا ہے۔‘
احسن اقبال نے کہا کہ ’وزیراعظم کے دلیرانہ اقدامات کی وجہ سے معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔ نواز شریف کی حکومت ختم کر کے معیشت کے پر کاٹے گئے۔ اب ہمیں پاکستان کو قرض کے چنگل سے نجات دلانا ہو گی۔ یہ کسی سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا پروگرام ہے۔

شیئر: